روہنگیا مسئلے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

برطانیہ اور سوئیڈن کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی بند کمرہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا

سلامتی کونسل کو روہنگیا کی مسلسل بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، برطانوی سفیر میتھیو ریکرافٹ۔ فوٹو: رائٹرز

PESHAWAR:
میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

سوئیڈن اور برطانیہ نے میانمار کے مسئلے پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی۔ سفارت کاروں کے مطابق میانمار کی بگڑتی صورت حال پر گفت و شنید کے لیے بدھ کو بند کمرہ اجلاس ہوگا۔

اقوام متحدہ میں برطانوی سفیر میتھیو ریکرافٹ نے کہا کہ یہ ممکنہ طور پر خفیہ اجلاس ہوگا لیکن کسی نہ کسی شکل میں اس کا نتیجہ باہر آئے گا، سلامتی کونسل کا اجلاس اس بات کی واضح علامت ہے کہ کونسل ارکان کو میانمار سے بنگلہ دیش ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورت حال پر شدید تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا نسلی صفایا کیا جارہا ہے، اقوام متحدہ


یاد رہے کہ سلامتی کونسل کا اس مسئلے پر 30 اگست کو بھی بند کمرہ اجلاس ہوا تھا جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے بھی سلامتی کونسل کو خط میں روہنگیا مسئلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ معاملہ انسانی سانحہ بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار حکومت کو معصوم مسلمانوں کی مدد کرنی چاہیے، دلائی لاما

جمعے کو بھی انسانی حقوق کی تنظیموں نے سلامتی کونسل کے سفراء کو اس حوالے سے بریفنگ دی جس میں افسوس ناک طور پر روس اور چین کے سفیر شریک نہیں ہوئے۔ میانمار حکومت کا کہنا ہے کہ اسے امید ہے کہ چین اور روس سلامتی کونسل میں اس کا دفاع کریں گے۔

واضح رہے کہ میانمار میں حکومت اور انتہا پسند بدھوں کے مظالم کے نتیجے میں ہزاروں مسلمان شہید جب کہ لاکھوں ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
Load Next Story