سندھ حکومت ہمارے رہنماؤں کے قتل کے بعد خالی نشستیں چاہتی ہے فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں اور پارلیمنٹرینز کی زندگیوں کو خطرات ہیں، فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں اور پارلیمنٹرینز کی زندگیوں کو خطرات ہیں، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہمارے رہنماؤں اور پارلیمنٹرینز کی زندگیوں کو خطرات ہیں جب کہ صوبائی حکومت ہمارے رہنماؤں کے قتل کے بعد خالی نشستیں چاہتی ہے۔


اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج کے ایجنڈا میں 80 فیصد حصہ ایم کیو ایم پاکستان کا تھا، جاگیرداروں کو ملنے والی بے پناہ زمینوں کی تقسیم بڑا مسئلہ ہے، زمین کی تقسیم کے لیے سب سے پہلے ایوب خان نے اقدامات کیے جب کہ دوسری کوشش ذوالفقار علی بھٹو نے کی تاہم ان کے اپنے ساتھیوں نے مزاحمت کی، سیاسی وڈیروں اور جاگیرداروں نے ان اقدامات کو ناکام بنا دیا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پرانے جاگیرداروں نے نئے جاگیرداروں کی ایک نئی کھیپ بھی تیار کر لی ہے تاہم زمینی اصطلاحات کے بغیر موروثی سیاست کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں اور پارلیمنٹرینز کی زندگیوں کو خطرات ہیں، صوبائی حکومت ہمارے رہنماؤں کے قتل کے بعد خالی نشستیں چاہتی ہے جب کہ خواجہ اظہار الحسن پر حملہ کی تحقیقات ہونا چاہیے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے۔
Load Next Story