سانحہ ہزارہ ٹاؤن جاں بحق افراد کے لواحقین اور مجلس وحدت المسلمین کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

ہال میں موجود 113 شہدا کے ورثا نے تدفین پر رضا مندی ظاہر کی ہے اور آج صبح 9 بجے میتوں کی تدفین کی جائے گی، امین شہیدی


ویب ڈیسک February 20, 2013
اس سے قبل دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد بعض نوجوانوں نے اعتراض کیا لیکن یہ تاثر غلط تھا کہ شہدا کےاہلخانہ نےدھرنا ختم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں کیا، علامہ امین شہیدی فوٹو: رائٹرز

سانحہ ہزارہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور مجلس وحدت المسلمین نے ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جرائم دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن فوج کی نگرانی میں ہوں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد بعض نوجوانوں نے اعتراض کیا لیکن یہ تاثر غلط تھا کہ شہدا کےاہلخانہ نےدھرنا ختم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں کیا۔

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ شہدا کے لوحقین کو اعتماد میں لے کر تمام فیصلے کیے گئے اور ہال میں موجود 113 شہدا کے ورثا نے تدفین پر رضا مندی ظاہر کی ہے جس کے بعد آج صبح 9 بجے میتوں کی تدفین کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے بعد مجلس وحدت المسلمین نے ملک بھر میں احتجاجی دھرنے ختم کرنے کااعلان کیا تھا تاہم کوئٹہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

گزشتہ روز حکومتی کمیٹی نے سانحہ ہزارہ ٹاؤن پر ملک بھر میں ہونے والے دھرنے ختم کرانے کے لئے مجلس وحدت المسلمین سے کامیاب مذاکرات کیے جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ شہر میں ہونے والے ٹارگٹڈ آپریشن فوجی اہلکار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 دنوں میں دو مرتبہ وہ سڑکوں پرآنے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ حکومت ایسے اقدامات کرے گی کہ آئندہ ہمیں احتجاج کا راستہ اختیار نہ کرنا پڑے۔ اگر حکومت نے نیک نیتی کے ساتھ تمام وعدوں پر عمل کیا تو وہ سمجھیں گے کہ شہیدوں کے خون سے حق کی فتح اور ظالموں کی شکست ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں