قائد اعظم ٹرافی سیالکوٹ نے فائنل میں رسائی کیلئے راہ ہموار کرلی

راولپنڈی کیخلاف پوزیشن مستحکم، شعیب ملک اور ایوب کی سنچریاں، حیدرآباد سے میچ میں لاہور شالیمارکے 473 رنز


Sports Reporter February 20, 2013
لاہور: قائد اعظم ٹرافی میں لاہور راوی کے عدنان اکمل اسٹروک کھیل رہے ہیں۔ (فوٹو ایکسپریس)

قائد اعظم ٹرافی سپرایٹ کے آخری راؤنڈ میں دوسرے دن رنز کا انبار لگ گیا۔

سیالکوٹ نے راولپنڈی کیخلاف پوزیشن مستحکم کر کے فائنل میں رسائی کیلیے راہ ہموار کرلی،شعیب ملک اور ایوب نے سنچریوں بنائیں،لاہور شالیمار نے 7وکٹ پر 473 رنز اسکور کر کے حیدرآباد کو مشکلات کا شکار کر دیا،کراچی بلوز کے مقابل راوی کی ریکوری مہم جاری ہے،ارشاد نے5 وکٹیں لیں،اسلام آباد نے کراچی وائٹس کے خلاف414رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا،باٹم سکس میںملتان کی ٹیم فیصل آباد کیخلاف250 رنز پر آؤٹ ہوئی، بہاولپور نے پشاور کو172 رنز پرڈھیر کردیا، کامران نے5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق گروپ اے میں پنڈی کلب اسٹیڈیم میں سیالکوٹ نے میزبان ٹیم کیخلاف4 وکٹیں گنوا کر 433 رنز کا مستحکم اسکور بنا لیا،سابق ٹیسٹ کپتان شعیب ملک نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے152 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انھوں نے18مرتبہ گیند کو باؤنڈری کے پار لگایا اور2 بلند وبالا چھکے بھی لگائے،محمد ایوب18 چوکوں کی مدد سے 126رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، ماجد جہانگیر نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 92 رنز پر افسردہ حالت میں پویلین لوٹے، اس طرح سیالکوٹ کو میزبان کے خلاف 139 رنز کی برتری حاصل اور6 وکٹیں محفوظ ہیں،گروپ اے ہی میں قذافی اسٹیڈیم میں لاہور راوی نے دوسری اننگز میں147 رنز بنالئے اور4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، جہانگیر مرزا نے 47 رنز اسکور کیے، عدنان اکمل35رنز کے ساتھ کریز پر ہیں۔

انور علی نے35رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا،قبل ازیں کراچی بلوز کی ٹیم پہلی اننگز میں 265 رنز بناکر واپس ڈریسنگ روم پہنچ گئی،طارق ہارون نے61اورانور علی نے38رنز جوڑے، محمد ارشاد نے5اورعماد علی نے3وکٹیں اپنے نام کیں،لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ پر شالیمار نے7 وکٹیں گنوا کر473 رنز پر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی،ٹیم نے دوسرے روز ایک وکٹ پر195رنز کے ساتھ دوبارہ کھیل کا آغاز کیا،عمران بٹ 79اورعمر اکمل 36رنز پر ناٹ آؤٹ کریز پر آئے اور سنچریاں داغ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی،عمران بٹ نے22 چوکوں کی مدد سے 126 رنز جوڑے جبکہ عمر اکمل نے119 رنز اپنے نام کیے ،ان کی اننگز میں 16 چوکے بھی شامل رہے،عثمان صلاح الدین 59 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، لعل کمار نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔



دوسرے روز کھیل کے اختتام پر حیدرآباد نے پہلی اننگز میں 60 رنز بنائے اور2کھلاڑی آؤٹ ہوئے،اسلام آباد کے ڈائمنڈکلب گراؤنڈ پر میزبان نے کراچی وائٹس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 414 رنز بنالیے،شان مسعود ایک رن کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے، ان کی 199رنز کی اننگز میں 19 چوکے اور2 چھکے شامل تھے،محمد سمیع، عبدالامیر اور عاطف مقبول نے3،3 وکٹیں لیں،جواب میں کراچی وائٹس نے 4وکٹ پر 166 رنز جوڑ لیے،خالد لطیف نے 59 اور شاہ زیب نے 51 بنائے،فواد عالم 38 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں۔

دوسری جانب باٹم سکس میں ملتان اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 250 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، شعیب مقصود نے65اوررضوان حیدر نے 54 رنز بنائے، سمیع اللہ خان نیازی نے52 رنز کے عوض 7کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دوسرے روز کاکھیل ختم ہونے پر فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 21 رنز بنالئے،میر پور اسٹیڈیم میں بہاولپور نے دوسری اننگز میں 2وکٹ پر 75 رنز بنائے ،اس سے قبل پشاور کی ٹیم پہلی اننگز میں 172 رنز پر آؤٹ گئی،جمال الدین نے82 رنز جوڑے، کامران حسین نے44 رنز دیکر 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں