سندھ حکومت نے پولیس کوڈپٹی کمشنرزکے ماتحت کردیا

امن و امان کے تمام اقدامات میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرزکو اعتماد میں لیا جائے،آئی جی سندھ


Staff Reporter February 20, 2013
امن و امان کے تمام اقدامات میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرزکو اعتماد میں لیا جائے،آئی جی سندھ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے پولیس کو ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کردیا، اس سلسلے میں فی الحال تحریری حکمنامہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

زبانی طور پر پولیس حکام کو ہدایت کردی گئی کہ وہ اپنے علاقے میں امن وامان کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کام کریں، یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہر میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے ہر 15روز میں جائزہ اجلاس بلایا جائے۔ اس ضمن میں ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ پولیس، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کراچی کے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس نے ایڈیشنل آئی جی سے کہا کہ تمام متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت جاری کی جائے کہ پولیس حکام ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی امن و امان کے قیام کے حوالے سے اپنے فرائض انجام دیں۔ سویلین سطح پر کوآرڈینیشن کے نظام کو بڑھائیں اور ڈی سی کی سربراہی میں مختلف طبقۂ فکر اور متعلقہ حکام کے مشترکہ اجلاس منعقد کرکے امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

9

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ پولیس نے یہ بھی ہدایت کی کہ متعلقہ ڈی ایس پیز کو ہدایت کی جائے کہ وہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ کوآرڈینیشن کے تحت فرائض انجام دیں تاکہ انتظامیہ کے درمیان کسی سطح کی نااتفاقی پیدا نہ ہوسکے اور خوش اسلوبی سے حکومتی امور نمٹائے جاسکیں۔ امن و امان کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے۔ ذرائع کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کے فوری بعد کمشنرکراچی کی زیرصدارت کمشنرآفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس، کراچی کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز اور پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں انتظامیہ اور پولیس کے درمیان رابطے کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز باہمی تعاون اور رابطے کے ذریعے امن و امان کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنرز کی ہدایت کے تحت علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کو تیز کریں گے۔ جلسے، جلوسوں اور مظاہروں سے نمٹنے کے لیے بھی انھی کی زیر نگرانی معاملات پر پیش رفت ہوگی جبکہ ڈی ایس پیز اور ایس ڈی پی او متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ہر 15 روز بعد رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں