بالی ووڈ کے کھلاڑی اوراناڑی کی 9 سال بعد پردے پر واپسی

رئیلٹی شو میں دونوں اداکار مشہور گانے ’’ میں کھلاڑی تو اناڑی‘‘ پر پرفارم بھی کریں گے


ویب ڈیسک September 13, 2017
اکشے کمار اور سیف علی خان آخری بار 2008 میں فلم ٹشن میں ایک ساتھ نظرآئے تھے؛فوٹوفائل

بالی ووڈ میں کھلاڑی اوراناڑی کے نام سے مشہور اداکاراکشے کمار اور سیف علی خان 9 سال بعد ایک بار پھر پردے پر واپسی کررہے ہیں۔

نامور بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور سیف علی خان 1994 میں ریلیز ہوئی فلم ''میں کھلاڑی تو اناڑی'' میں نظر آئے تھے فلم میں دونوں کی جوڑی اتنی مشہور ہوئی کہ دونوں بالی ووڈ میں کھلاڑی اور اناڑی کے نام سے مشہور ہوگئے، فلم میں دونوں کی اداکاری کو بھی بے حد پسند کیا گیا یہی وجہ ہے کہ دونوں نے میں کھلاڑی تو اناڑی کے بعد مزید کئی فلموں میں بھی کام کیا جنہیں شائقین کی جانب سے بے حد پزیرائی حاصل ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی یہ مشہور جوڑی 9 سال بعد ایک بار پھرپردے پر نظر آئے گی تاہم اکشے اور سیف کسی فلم میں نہیں بلکہ کامیڈی شو''دی گریٹ انڈین لافٹرچیلنج'' میں بطور جج نظرآئیں گے، رپورٹس کے مطابق اکشے کمار شو کے پہلی قسط میں سپر باس جب کہ سیف علی خان اسی قسط میں اسٹار گیسٹ کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے جن کا استقبال معروف کامیڈین ملکہ دعا، ذاکر خان اور حسین دلال کریں گے، جب کہ اسی قسط میں دونوں اپنی فلم کے مشہور گانے میں کھلاڑی تو اناڑی پرپرفارم بھی کریں گے ۔

مزاق، مستی اور ہنسی سے بھرپور اس شو کی شوٹنگ جلد ہی شروع کی جائے گی ، واضح رہے کہ اکشے کماراور سیف علی خان میں کھلاڑی تو اناڑی کے علاوہ فلم قیمت، یہ دل لگی، ٹشن ، آرزو اورتو چورمیں سپاہی میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں