افغان شپاگیزاکرکٹ لیگ پرغیریقینی کے بادل چھا گئے

عبدالرزاق کا میچ ہوتے ہی کابل اسٹیڈیم پرخودکش حملہ نے درودیوار ہلاکررکھ دیے

سخت سیکیورٹی کے باعث حملہ آوراندر نہ جاسکا، تمام کھلاڑی خیریت سے ہیں، آفیشل فوٹو : فائل

عبدالرزاق کا میچ ہوتے ہی کابل کرکٹ اسٹیڈیم پر خودکش حملہ ہوگیا، افغان شپاگیزا کرکٹ لیگ کے دوران دھماکے نے گرائونڈکے درودیوار ہلا کر رکھ دیے، سخت سیکیورٹی کے باعث حملہ آور اسٹیڈیم کے اندر نہ جاسکا، تمام کھلاڑی خیریت سے ہیں، ٹورنامنٹ پر غیریقینی کے بادل چھا گئے۔


تفصیلات کے مطابق افغانستان میں ٹوئنٹی 20 شپاگیزا کرکٹ لیگ کا پیر کے روز سے آغاز ہوا، اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سابق اسٹار آل رائونڈر عبدالرزاق بھی حصہ لے رہے ہیں، بدھ کو ان کی ٹیم ایموشارکس کو کابل ایگلز کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست ہوئی، عبدالرزاق نے صرف تین رنز بنائے اور ایک وکٹ لی، ان کے مقابلے کے بعد الوکوزائی کابل انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ میں بوسٹ ڈیفینڈرز اور مس ایناک نائٹس کے درمیان مقابلہ جاری تھا کہ ایک خودکش حملہ آور نے اسٹیڈیم میں داخل ہونا چاہا، چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں نے جب اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، اس واقعے میں حملہ آور کیساتھ 2 پولیس اہکار بھی ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

ان میں بھی 2پولیس اہلکار شامل ہیں۔ دھماکہ کافی شدید اور اس سے اسٹیڈیم کے درو دیوار ہل گئے، اس واقعے کی وجہ سے تھوڑی دیر کیلیے میچ رکا تاہم اسے پھر سے شروع کردیا گیا جس میں بوسٹ ڈیفینڈرز نے مس ایناک کو 7 رنز سے زیر کیا، اس مقابلے میں جنوبی افریقہ کے مورن وان ویک اور کیمرون ڈیل پورٹ جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا اور سبانڈا بھی شریک تھے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان فریڈ ہوٹک کا کہنا ہے کہ تمام پلیئرز اور بورڈ آفیشلز محفوظ ہیں، میچ تھوڑی دیر کیلیے رکا مگر پھر اس کو مکمل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کے باہر خود کش حملے نے کھلاڑیوں کو کافی خوفزدہ کردیا ہے جس سے ایونٹ پر غیریقینی کے بادل چھاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
Load Next Story