سانحہ کوئٹہ جیسے مزید واقعات ملکی سلامتی کی تباہی کا باعث بنیں گے وزیراعظم

مذہب کے نام پر جذبات میں آکر فیصلے کرنے والے ملکی سلامتی کو داؤ پرلگا رہے ہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک February 20, 2013
مذہب کے نام پر جذبات میں آکر فیصلے کرنے والے ملکی سلامتی کو داؤ پرلگا رہے ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو :اے ایف پی

وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے اورکو ئی مذہب اجازت نہیں دیتا کہ ایک شخص کسی چیز کو ناپسند کرتا ہے تو دوسروں پر بھی پابندی لگائے۔

اسلام آباد میں وزارت برائے قومی ہم آہنگی کے زیر اہتمام مذہبی فرقہ واریت کی روک تھام اور امن کے فروغ کے حوالے سے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت آنی جانی چیز ہے آج اقتدار میرے پاس ہے تو کل کسی اور کے پاس ہو گا اور دوران اقتدار کر جانے والے کارنامے لوگوں کی زبانوں پر رہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ انتہائی افسوسناک ہے اور مزید ایسے واقعات ملکی وقار اور سلامتی کی تباہی کا باعث بنیں گے، انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی رہنماؤں سے گزارش ہے کہ وہ سب مل بیٹھ کر ایسی پالیسی اور قوانین مرتب کریں کہ سب ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا سکھیں اورپاکستان کا نام پوری دنیا میں فرقہ واریت اور تعصب پسندی سے آزاد ملک گردانہ جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مذہب کے نام پر جذبات میں آکر فیصلے کرنے والے ملکی سلامتی کو داؤ پرلگا رہے ہیں ایسی سوچ کو مزید پروان نہیں چڑھنے دیں گے، وزیر قومی ہم آہنگی ڈاکٹر پال بھٹی اور وزیر مملکت اکرم مسیح گل نے خطاب میں پاکستان کو ایک ایسا آزاد ملک قرار دیا جہاں تمام مذاہب کو اپنے رسم ورواج اور مذہبی تہوار منانے کی آزادی حاصل ہے، کانفرنس میں مختلف ممالک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں