عام گھریلو چیزوں سے دانتوں کا درد بھگائیے

ڈاکٹر کے پاس جانے سے پہلے گھر میں موجود اشیا سے ہی دانتوں کا درد بھگایا جاسکتا ہے

دانتوں کی تکلیف کئی بار مریض کے لیے ناقابل برداشت ہوتی ہے ؛فوٹوفائل

انسانی صحت کے ساتھ کئی مسائل جڑے ہوتے ہیں، کبھی سر میں درد کبھی کمر میں تکلیف لیکن سب سے تکلیف دہ درد جس میں انسان کو بے حد درد برداشت کرنا پڑتا ہے وہ ہے دانتوں میں تکلیف۔

دانتوں کی تکلیف کئی بار مریض کے لیے ناقابل برداشت ہوتی ہے ، دانتوں میں درد کی وجہ سے مریض نہ تو ٹھیک طرح سے کھانا کھا سکتا ہے اور نہ کچھ پی سکتا ہےکیونکہ ٹھنڈا گرم لگنے کی وجہ سے بھی مریض کو شدید تکلیف برداشت کرنی پڑتی ہے اور جب تک مریض ڈاکٹر سے اپوائٹمنٹ لیتا ہے درد مزید ناقابل برداشت ہوجاتا ہے لیکن چند گھریلو ٹوٹکے استعمال کرنے پر دانتوں کی تکلیف میں فوراً کمی ممکن ہے۔

نمک اورکالی مرچ کا استعمال



نمک اور کالی مرچ عموماً کھانوں میں استعما ل کیے جاتے ہیں لیکن ان کے بے شمار فائدے ہوتے ہیں جن کی مدد سے صحت کے مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے، نمک اور کالی مرچ کا مرکب اینٹی بیکٹریل اور سوزش میں بے حد آرام دہ ہوتا ہے، دانتوں میں تکلیف اور سوجن کی صورت میں نمک اور کالی مرچ کا استعمال نہ صرف درد کو کم کرتا ہے بلکہ مسوڑھوں میں سوجن کو بھی ختم کرتا ہے ، نمک اور کالی مرچ کا پیسٹ بنائیں اور درد ختم ہونے تک اسے بطور ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں۔

لونگ کا تیل



گرم مصالحے میں استعمال ہونے والی اس چھوٹی سی چیز میں قدرت نے بے شمار فوائد چھپا رکھے ہیں ،لونگیں دانتوں میں درد کے لیے استعمال کیا جانے والا بہت پرانا نسخہ ہے، یہ نہ صرف اینٹی بیکٹیریل ہے بلکہ یہ مسوڑھوں میں انفیکشن کو ختم کرنے کے لیے بھی بے حد مفیدہے۔تھوڑی سی کاٹن(روئی)لیں اوراس میں لونگ کا تیل لگائیں اب اس کاٹن کو متاثرہ دانت پر ملیں اس کے علاوہ آدھےگلاس پانی میں لونگ کے تیل کے چند قطرے ڈالیں اور اسے ماؤتھ واش کے طور پر استعمال کریں یقیناً فائدہ ہوگا۔


نمک اور نیم گرم پانی



دانتوں کے درد میں فوری آرام کے لیے نمک ملا ہوا نیم گرم پانی بہت کارگر ثابت ہوتا ہے، اگر دانت کےدرد میں فوری آرام چاہتے ہیں تو نمک ملے ہوئے نیم گرم پانی سے کلی کریں یہ نہ صرف دانتوں کےدرد میں آرام دلاتا ہے بلکہ منہ میں موجود بیکٹریا کا خاتمہ بھی کرتا ہے جومسوڑھوں میں سوجن کا باعث بنتے ہیں۔

ٹھنڈا گرم کا استعمال ترک کردیں



دانتوں کے درد میں مبتلا مریض کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر چائے کافی اور آئسکریم کا استعمال ترک کردے ،کیونکہ دانتوں کی حساسیت کی وجہ سے ان چیزوں کو استعمال کرنے کے باعث درد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

بام کا استعمال



کسی پیپر ٹاول پر بام لگا کر اسے تکیے کے اوپر رکھیں اور متاثرہ دانت جس میں درد ہے اس کروٹ سے تکیے پر لیٹ جائیں یہ طریقہ میں دانتوں میں درد میں موثر ثابت ہوتا ہے۔
Load Next Story