امریکی گلوکارہ سلینا گومز کے گردے کی پیوند کاری

25 سالہ گلوکارہ کو ان کی دوست فرانسیا رائیسا نے اپنا گردہ عطیہ کیا

سلینا گومز کو لیوپس نامی بیماری ہے جس میں انسان کا قوت مدافعت حد سے زیادہ بڑھ جاتا ہے ۔ فوٹو : فائل

امریکی گلوکارہ سلینا گومز کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں انہوں نے خفیہ طور پر اپنے گردے کی پیوندکاری کرائی جو کامیاب رہی۔

25 سالہ سلینا گومز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اور ان کی دوست اسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی ہیں۔ سلینا گومز نے بتایا کہ ان کی دوست فرانسیا رائیسا نے انہیں اپنا گردہ عطیہ کیا جس کے بعد اس کی کامیاب پیوند کاری کی گئی۔

سلینا گومز نے مزید کہا کہ مجھے معلوم ہے میرے مداح اس بات سے پریشان ہیں کہ میں اپنے نئے میوزک البم کی پروموشن کے لیے زیادہ سرگرم نہیں ہوں، لہٰذا میں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے موذی مرض ''لیوپس'' ہے جس کی وجہ سے مجھے اپنا گردہ تبدیل کرانا تھا۔




انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اب میں صحت یاب ہوکر ایک بار پھر مداحوں کے درمیان آسکوں گی۔ گومز نے اپنے گھر والوں، ڈاکٹرز اور خاص طور پر اپنی دوست فرانسیا رائیسا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جس نے ان کی زندگی بچانے کے لیے اتنی بڑی قربانی دی۔

خیال رہے کہ لیوپس ایک ایسی بیماری ہے جس میں انسان کا قوت مدافعت حد سے زیادہ بڑھ جاتا ہے اور وہ جسم کے صحت مند حصوں کو نقصان پہنچانا شروع کرتا ہے۔ اس مرض کے شکار افراد کی جلد، جوڑوں، گردوں، بلڈ سیل، دل اور پھپھڑوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
Load Next Story