چوہدری نثارعلی کا ڈگریاں تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن بھیجنے سے انکار

الیکشن کمیشن جب تک مہذب انداز میں خط نہیں لکھتا ڈگریاں نہیں بھیجوں گا چاہے مجھے نااہل قرار دے دیا جائے، چوہدری نثار


ویب ڈیسک February 20, 2013
الیکشن کمیشن کو میڈیا ہاؤس نہ بنایا جائے، الیکشن کمیشن چاہے جو بھی کرے لیکن ہمیں انتخابات لڑنے دے،چوہدری نثارعلی فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورمسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان نے اپنی ڈگریاں تصدیق کے لئے الیکشن کمیشن بھیجنے سے انکار کردیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ ڈگریوں کی تصدیق کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تضحیک آمیز خط لکھا لہٰذا جب تک مہذب انداز میں خط نہیں لکھا جاتا اپنی ڈگریاں الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجوں گا چاہے مجھے نااہل ہی قرار کیوں نہ دے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو میڈیا ہاؤس نہ بنایا جائے، الیکشن کمیشن چاہے جو بھی کرے لیکن ہمیں انتخابات لڑنے دے۔

اجلاس میں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بھی اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اراکین پارلیمنٹ کی تضحیک کا کوئی حق نہیں ہے اور ایسا کرکے الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن ارکان پالیمنٹ کو لکھا گیا خط واپس لے لے گا۔

واضح رہے کہ الیکن کمیشن نے چند روز قبل چوہدری نثار، سید خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ سمیت 249 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو 15 دن میں ڈگریوں کی تصدیق کرانے کے لئے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اراکین مقررہ وقت کے اندر اپنی ڈگریوں کی تصدیق کرائیں بصورت دیگر انہیں نااہل قراردے دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں