دھماکے کی گونج کے بعد عبدالرزاق نے کابل سے واپسی کا فیصلہ کرلیا

کئی ممالک کے کھلاڑی جاچکے،1،2روز میں لاہور پہنچ جاؤں گا،آل راؤنڈر


Saleem Khaliq September 15, 2017
دستیاب پہلی فلائٹ سے جانا چاہتا تھامنتظمین کی درخواست پر1اور میچ کھیلا۔ فوٹو : فائل

کابل میں دھماکے کے بعد عبدالرزاق نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔

کابل کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خودکش حملے سے افغان شاپگیزاکرکٹ لیگ پر چھائی غیریقینی بڑھنا شروع ہوگئی ہے، جس وقت دھماکا ہوا اسٹیڈیم میں بوسٹ ڈیفینڈرز اور مس ایناک نائٹس کے درمیان مقابلہ ہورہا تھا، اسے بعد میں مکمل بھی کرالیا گیا،اس واقعے میں خودکش حملہ آور کے علاوہ 2 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔

ایونٹ میں شریک پاکستان کے واحد اسٹار کرکٹر عبدالرزاق نے بھی واپسی کا ارادہ کر لیا ہے، کابل سے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جس وقت خوش کش حملہ ہوا میں اپنا میچ ختم کر کے ہوٹل میں موجود تھا جو اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔

اس وقت دوسرا میچ جاری اور میں اسے ٹی وی پر دیکھ رہا تھا، دھماکے کی آواز واضح سنائی دی، اس واقعے سے تمام کھلاڑی خوف میں مبتلا ہو گئے، میں نے بھی فوراً وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا، مگر منتظمین کی درخواست پر جمعرات کو ایک اور مقابلے میں حصہ لیا، اس میں30 رنز ناٹ آؤٹ بنائے تاہم بولنگ نہیں کی، اب میں 1،2 روز میں واپس آجائوں گا، انھوں نے کہا کہ بدھ کی شب ہی تمام کھلاڑیوں کی میٹنگ ہوئی جس کے بعد انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے بیشتر کرکٹرز کی گھروں کو واپسی ہو گئی۔

واضح رہے کہ ایونٹ 22 ستمبر تک جاری رہنا ہے، عبدالرزاق ایمو شارکس میں شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں