این اے 120 میں ضمنی الیکشن مہم ختم کل پولنگ ہوگی

فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز پہنچادیے گئے، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں سخت مقابلہ متوقع


News Agencies/Numaindgan Express September 16, 2017
بیلٹ بکسوں سے شیرنکلے گا، مریم، نوازشریف دوبارہ پوچھیں گے مجھے کیوں نکالا؟ یاسمین راشد۔ فوٹو: فائل

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد لاہور کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم رات 12 بجے ختم ہوگئی تاہم پولنگ کل ہوگی۔

حلقہ NA-120 میں44 امیدوار میدان میں ہیں، ن لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نواز، تحریک انصاف کی طرف سے ڈاکٹر یاسمین راشد اور پیپلز پارٹی کے فیصل میر کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے، ضمنی انتخاب کیلیے ساڑھے3 لاکھ بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں ریٹرننگ افسر کے کیمپ آفس پہنچادیے گئے۔

ریٹرننگ افسرکی جانب سے انتخابی سامان آج صبح پریزائڈنگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔ پاک فوج کے جوان اپنی حفاظت میں پریذائیڈنگ افسران کو فراہم کیا جانے والا انتخابی سامان پولنگ اسٹیشنز تک منتقل کریں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق220پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق این اے120میںرجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد 321633 ہے، ضمنی انتخاب میں220 پولنگ اسٹیشنزاور568 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کی تشکیل کیلیے حتمی پولنگ اسکیم متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے حوالے کردی گئی ہے اور انتخابی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرنے کیلیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

ووٹرزسے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ 17ستمبر کو بیلٹ بکسوں سے صرف شیرکی دھاڑیں نکلیں گی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی نظر ثانی اپیل بھی سپریم کورٹ سے خارج ہوگئی ہے جس کے بعد نواز شریف اب 2 مرتبہ پوچھیںگے ''مجھے کیوں نکالا'' گیا جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی 17 ستمبر کے بعد بلند مورال کے ساتھ میدان سیاست میں اترے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔