ناصرجمشید کے حوالے سے مینجمنٹ کا ضبط جواب دے گیا

عمران فرحت سنچورین ٹیسٹ میں محمد حفیظ کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے

تیسرے میچ میں پیسر جنید خان کو کھلانے کا فیصلہ آج کیا جائے گا، منیجر فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

ابتدائی دونوں ٹیسٹ میں اوپنرز کی بدترین کارکردگی نے پاکستان کو ناصر جمشید اور محمد حفیظ کی جوڑی توڑنے پر مجبور کر دیا، عمران فرحت سنچورین ٹیسٹ میں حفیظ کیساتھ اننگز کا آغاز کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق رواں سیریز میں اب تک ناصر اور نائب کپتان نے ٹیم کو 9، 7، 10 اور صفر کا آغاز فراہم کیا، لیفٹ ہینڈر تو 2،46،3 اور صفر پر آئوٹ ہوئے، ٹیم کو دونوں میچز میں شکست کے بعد ناصر جمشیدکے حوالے سے مینجمنٹ کا ضبط جواب دے گیا اور وہ تبدیلی پر مجبور ہو گئی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے گذشتہ روز سپر اسپورٹس پارک میں بھرپور نیٹ پریکٹس کی، اس موقع پر فاسٹ بولر جنید خان بھی ایکشن میں نظر آئے، کوچ نوید اکرم چیمہ کے مطابق پیسر روبہ صحت ہے تاہم تیسرے ٹیسٹ میں کھلانے کا فیصلہ جمعرات کو پریکٹس کے بعد کریں گے۔




دریں اثنا سیریز میں شکست کے باوجود پاکستانی کھلاڑی کیپ ٹائون سے روانہ ہوتے وقت انتہائی خوشگوار موڈ میں تھے، زیادہ تر کھلاڑی پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرتے ہوئے خوبصورت ماحول کا خوب لطف اٹھا رہے ہیں، پہلے ٹیسٹ کی بانسبت دوسرے میں کارکردگی بہتر رہنے کے بعد انھیں سنچورین میں بیٹنگ کرتے ہوئے مزید سخت ترین امتحان سے گزرنا ہے، مگر ہوٹل سے رخصت ہوتے ہوئے کسی کے چہرے پر فکرمندی کی کوئی جھلک نہیں دیکھی گئی۔ سعید اجمل، عمر گل اور یونس خان نے بچوں کو اٹھایا ہوا تھا جبکہ باقی پلیئرز ہنسی مذاق کرتے ہوئے سیاحوں کا گروپ دکھائی دے رہے تھے۔
Load Next Story