پاکستان سے سیریز ڈو پلیسس پروٹیز ٹی 20 قائد مقرر

ون ڈے میں ابراہم ڈی ویلیئرز قیادت کرینگے، تینوں طرز میں ٹیم کے الگ کپتان ہوگئے۔


Sports Desk February 21, 2013
جیک کیلس دونوں ٹیموں سے باہر، ڈیل اسٹین ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران آرام کریں گے۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا، فاف ڈوپلیسس مختصر طرز اور ابراہم ڈی ویلیئرز 50 اوورز کے میچز میں قیادت کریں گے، جیک کیلس کو دونوں فارمیٹس میں منتخب نہ کر کے آرام کا موقع دیا گیا ہے، ہاشم آملہ اور ڈیل اسٹین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے دوران ریسٹ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 سیریز میں فاف ڈو پلیسس کپتان برقرار رہیں گے، ابراہم ڈی ویلیئرز نے بورڈ سے اپنا نام زیرغور نہ لانے کی خود درخواست کی تھی، البتہ وہ ون ڈے اسکواڈ کی قیادت کے فرائض بدستور انجام دیتے رہیں گے، یوں تینوں طرز میں پروٹیز کے الگ کپتان ہو گئے، گریم اسمتھ نے ٹیسٹ میں ذمہ داریاں سنبھالی ہوئی ہیں، ڈوپلیسس کی قیادت میں ٹیم نے گذشتہ ماہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز2-1 سے جیتی تھی،گرین شرٹس سے 2 میچز یکم اور 3 مارچ کو ہونے ہیں۔

کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ فاف ڈو پلیسس کو کپتان بنانا ایک اچھا فیصلہ ہے، اس سے ہمیں قیادت کیلیے آپشنز جانچنے کا موقع ملے گا، کیویز سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس میں فاف نے اپنی صلاحیت ظاہر کی،اب اسے بطور کپتان کام کرنے کا ایک اور اچھا موقع مل گیا، انھوں نے کہا کہ تینوں طرز میں الگ کپتانوں سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، یہ ہمارے مختصر طرز کے اسکواڈز کیلیے اہم سال اور نئی راہ کی جانب مثبت قدم ثابت ہوگا۔



کرکٹ جنوبی افریقہ نے بدھ کو دونوں طرز کے اسکواڈز کا بھی اعلان کر دیا، مورن مورکل ون ڈے میچز تک ہیمسٹرنگ انجری سے صحتیاب ہو چکے ہوں گے، مگر ٹی ٹوئنٹی میں ان کی جگہ نئے پلیئر کائل ایبٹ سنبھالیں گے، سلیکٹرز نے جیک کیلس کو دونوں فارمیٹس میں منتخب نہ کر کے آرام کا موقع دیا، ہاشم آملہ اور ڈیل اسٹین ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران ریسٹ کریں گے۔ ون ڈے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ابراہم ڈی ویلیئرز (کپتان)، ہاشم آملہ، فرحان بہردین، فاف ڈو پلیسس، کولن انگرام، روری کلینویلڈ، ریان میکلیرن، ڈیوڈ ملر، مورن مورکل، روبن پیٹرسن، آرون پھانگیسو،گریم اسمتھ، ڈیل اسٹین، لونوابو سوٹسوبے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں فاف ڈو پلیسس (کپتان)، کائل ایبٹ، فرحان، ہنری ڈیوڈز، کوائنٹن ڈی کک،ڈی ویلیئرز، کلینویلڈ، میکلیرن، ملر، کرس مورس، جسٹن اونٹونگ، روبی پیٹرسن، پھانگیسو اور سوٹسوبے شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں