قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کراچی بلوز اور سیالکوٹ کی فائنل میں رسائی

لاہور راوی کے خلاف فاسٹ بولر انور علی کی5 وکٹیں،راولپنڈی کو اننگز اور60 رنز سے شکست، شعیب ملک نے میچ میں 9 کھلاڑیوں۔۔۔


Sports Reporter February 21, 2013
فواد عالم اورخالد لطیف کی سنچریوں نے کراچی وائٹس کو اسلام آباد کیخلاف اننگز کی ہارسے بچالیا، لاہور شالیمار پر فتح کیلیے حیدرآباد کو624 رنز درکار۔ فوٹو : فائل

کراچی بلوز اور سیالکوٹ نے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی،5 روزہ فیصلہ کن معرکہ24 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔

سپرایٹ کے تیسرے اور آخری مرحلے میںکراچی بلوز نے لاہور راوی کو8وکٹ سے شکست دیدی، فاسٹ بولر انور علی نے5وکٹیں لیں،شعیب ملک کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت سیالکوٹ نے راولپنڈی کیخلاف اننگز اور60رنز سے کامیابی حاصل کی، فواد عالم اور خالد لطیف کی سنچریوں نے کراچی وائٹس کو اسلام آباد کے ہاتھوں اننگز کی شکست سے بچالیا،لاہور شالیمار نے حیدرآباد کوکامیابی کیلیے624رنز کا بھار ی بھر کم ٹارگٹ دیدیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گروپ بی میچ میںتیسرے دن میزبان راوی نے 4وکٹ پر147رنز کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی،66.4اوورز میں209رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی،جہانگیر مرزا 70 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے،عدنان اکمل نے54رنز بنائے،انور علی نے61 رنزکے عوض 5 کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا،تابش خان نے پہلی اننگز کی طرح دوسری باری میں بھی3 وکٹیں لیں،اس طرح پہلی اننگز میں 265 رنز بنانے والی کراچی بلوزکو فائنل تک رسائی کیلیے120 رنز کا آسان ہدف ملا جو اس نے28.2اوورز میں 2 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا،پہلی اننگز میں 64رنز بنانے والے فخر زماں 10 چوکوں کی مد د سے 61 رنز پر ناقابل شکست پویلین لوٹے، اکبر رحمان نے47 رنز اسکور کیے۔

جس میں 5 چوکے اورایک چھکا بھی شامل تھا،اس طرح سپر ایٹ مرحلے میں تینوں میچ جیتنے والی واحد ٹیم کراچی بلوز نے27 پوائٹس کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی جہاں سیالکوٹ سے مقابلہ ہوگا،لاہور راوی اس رائونڈ میں کوئی پوائنٹ حاصل نہ کر سکی۔ گروپ اے میں پنڈی کلب اسٹیڈیم میں کھیل کے تیسرے روز سیالکوٹ نے7 وکٹ پر 536 رنز بنا کر269رنز کی برتری حاصل کی،126رنز کے ساتھ دوبارہ کریز پر آنے والے محمد ایوب162رنز جوڑ کر پویلین لوٹے، منصور امجد نے54رنز کا اضافہ کیا،جواب میں پہلی اننگز میں 294 رنز اسکور کرنے والی میزبان راولپنڈی کی ٹیم دوسری باری میں بھی نہ سنبھل سکی اور 49 اوورزمیں209 پر ڈھیر ہوگئی،بابر نعیم71اور شعیب احمد53رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔



سابق ٹیسٹ کپتان شعیب ملک نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے64 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا، انھوں نے پہلی باری میں 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے کے بعد152رنز بھی بنائے تھے، شعیب نے میچ میں 9 وکٹیں اپنے نام کیں، کامیابی کے بعد سیالکوٹ نے9 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے اور مجموعی طور پر15 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہتے ہوئے فائنل میں شرکت کا حق حاصل کیا،راولپنڈی 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،گروپ بی میں لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر تیسرے روز کھیل کے خاتمے پر شالیمار نے دوسری اننگز4 وکٹ پر309 رنز کے ساتھ ڈیکلیئر کر دی، حیدر آباد کو کامیابی کیلیے624رنز کا بھاری بھر کم ٹارگٹ ملا ہے،عمر اکمل نے71 اور کامران اکمل نے 55رنز کا اضافہ کیا۔

پہلی اننگز میں126رنز داغنے والے عمران بٹ نے دوسری باری میں81 رنز کی اننگز کھیلی،میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 7 وکٹ پر473 رنز کے ساتھ ڈیکلئیر کر دی تھی، جس کے جواب میں حیدرآباد نے258 رنز بنائے تھے۔اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر فالوآن کا شکار ہونے والی ٹیم کراچی وائٹس نے دوسری اننگز میں2 وکٹیں گنوا کر261 رنز جوڑ لیے،فواد عالم 109اورخالد لطیف104 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، اس طرح کراچی وائٹس کو 56رنز کی برتری حاصل اور8 وکٹیں محفوظ ہیں۔ دریں اثناء باٹم سکس میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر45 رنز بنالیے ، اسے فیصل آباد کے خلاف کامیابی کیلیے159رنز درکار ہیں، میرپور اسٹیڈیم میں بہاولپور نے پشاور کو کامیابی کیلیے 494 رنز کا ٹارگٹ دیدیا،پہلی اننگز میں292 رنز بنانے والی بہاولپورکی ٹیم نے حریف کو172 رنز پر آئوٹ کر نے کے بعد دوسری باری میں 376 رنز بنائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔