دنیا کی کوئی طاقت پاک ترکی تعلقات میں رخنہ نہیں ڈال سکتی ترک وزیراعظم

ترکی جیسے دوستوں کی مدد اورتعاون سے دہشتگردی کے خلاف جنگ پر بہت جلد مکمل قابو پالیں گے، شہباز شریف

ترکی کے دوست پاکستان کے دوست اور پاکستان کے بدخواہ ترکی کے بدخواہ ہیں، بن علی یلدرم۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور کسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اس حوالے سے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنائے۔

دورہ ترکی پر موجود پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب میں ترک وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کا یہ دورہ پاک ترک دوستی کو مزید استحکام دینے میں مددگار ثابت ہو گا، میں ترک حکومت اور ترکی کے عوام کی طرف سے استنبول آمد پرشہباز شریف کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔


بن علی یلدرم نے کہا کہ وہ ترکی اورپاکستان کے درمیان تجارتی مراسم کو فروغ دینے کیلئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں۔ ترک وزیراعظم نے پنجاب حکومت کے ساتھ کم آمدنی والے افراد کیلئے رہائشی سہولتیں، ٹرانسپورٹ، صحت، امن وعامہ اور دیگر شعبوں میں مدد اور تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔

ترک وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ترکی کے دوست پاکستان کے دوست ہیں اورپاکستان کے بدخواہ ترکی کے بدخواہ ہیں، ترک حکومت پاکستانی قیادت کے ساتھ مل کر تعلقات کو ٹھوس اقتصادی روابط کی شکل دینے کیلئے کام کررہی ہے، دنیا کی کوئی طاقت ان میں رخنہ نہیں ڈال سکتی، ترکی اور پاکستان کے تعلقات مثالی ہیں۔


اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر کافی حد تک قابو پالیا ہے، ترکی جیسے دوستوں کی مدد اورتعاون سے اس جنگ پر بہت جلد مکمل قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیاں اقوام عالم کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہیں، پاکستان کے عوام ترکی کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

شہبازشریف نے کہا کہ جنگ ہو سیلاب یا زلزلے یا کوئی اور قدرتی آفت، ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، گزشتہ چار برسوں کے دوران ترکی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے، ترکی اور پاکستانی عوام عالمی مسائل پر ایک ہی طرح سوچتے ہیں۔

Load Next Story