چینی کی متبادل پولی اولز کی ویلیوایشن 2 ڈالر فی کلوگرام مقرر

مختلف ریٹس پردرآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس پرمارکیٹ سروے سے تعین کیاگیا


Ehtisham Mufti September 17, 2017
ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پرانے کسٹمزکلیئرنس ڈیٹا کی جانچ کے دوران مشاہدہ کیا گیا۔ فوٹو: فائل

درآمدکنندگان کی جانب سے درآمدی دستاویزات میں پولی اولز/ پولیسٹربیس کی کم ویلیو ظاہر کرنے کے انکشاف کے بعد ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمزویلیوایشن نے مارکیٹ سروے اور آن لائن معلومات کی بنیاد پرپولی اولز/پولیسٹربیس کی 2 ڈالرفی کلوگرام ویلیوایشن مقررکردی ہے اور اس ضمن میں کسٹمزکلکٹریٹس کوہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پولی اولز/ پوالیسٹربیس میں چونکہ کلورک ویلیو کم ہوتی ہے اس لیے اس کا استعمال دوا سازی، چیونگمز، چاکلیٹس ودیگر متعدد اشیا کی مینوفیکچرنگ میں شوگر کے متبادل کے طور پر ہوتا ہے تاہم ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمزویلیوایشن کی جانب سے تمام کلکٹریٹس کو جاری کردہ خط میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے مختلف درآمدی آئٹمز کی ویلیوایشن ڈیٹابیس جمع کرتے ہوئے یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ پولی اولز یا پولیسٹربیس کے حوالے سے ڈیکلریشنز کی رینج وسیع اور عالمی مارکیٹ میں مروجہ قیمت کی درست طور پر عکاسی نہیں کرتی، ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پرانے کسٹمزکلیئرنس ڈیٹا کی جانچ کے دوران مشاہدہ کیا گیاکہ پاکستان کسٹمز ٹیرف نمبر3907.9900 کے دائرہ کار میں آنے والے آئٹم پولی اولز/ پولیئسٹربیس کی مختلف قدروں کے مطابق کسٹمزویلیوایسسمنٹ کی جارہی ہے اور بعض ٹرانزیکشنزانتہائی کم ویلیوپر ایسس کی گئی ہیں.

ڈائریکٹوریٹ جنرل ویلیوایشن نے کسٹمزکلیئرنس ڈیٹا کی معائنہ کاری کے بعد ڈیکلریشنز کے مصدقہ ہونے کی توثیق مارکیٹ انکوائریوں سے بھی کی اور مارکیٹ سروے کے نتائج جانچنے کے لیے آن لائن قیمتیں بھی حاصل کی گئیں، اس طرح پولی اولز/ پولیسٹربیس کی حقیقی قیمت (وی ڈی بی ویلیو) کا پتا چلایا گیا جو2 ڈالر فی کلوگرام ہے۔

واضح رہے کہ ویلیوڈیٹا بیس ویلیوز دیگر رسک پولز کے ساتھ درآمدی اشیا کی ظاہر کردہ کسٹمز ویلیو کی درستی یا حقیقت جانچنے کے لیے رسک ایسسمنٹ ٹول کے طور پر استعمال کی جاتی ہے، ڈیٹا بیس ویلیو باہمی تقابلی جائزے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے اور کسٹمزکلیئرنس کلکٹریٹس درآمدی ویلیوز پر متعلقہ آئٹمز کی حتمی ویلیوایسسمنٹ سے قبل غورکرتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں