سینئر فنکاروں کو سوچی سمجھی سازش کے تحت نظرانداز کیا جارہا ہے میرا

پاکستان فلم انڈسٹری اس وقت اپنے پیروں پرکھڑی نہیں ہوسکتی جب تک نئے لوگ سینئرز سے رہنمائی حاصل نہیں کرتے، اداکارہ


Qaiser Iftikhar September 17, 2017
کہانی، کرداروں کی تقسیم، میوزک اور لوکیشنز کے انتخاب سمیت بہت کچھ موجودہ فلموں میں دکھائی نہیں دے رہا، میرا۔ فوٹو : فائل

فلم اسٹار میرا نے کہا ہے کہ آج کے دورمیں برسوں فلموں میں کام کرنیوالے فنکاروں سوچی سمجھی سازش کے تحت نظرانداز کیا جارہا ہے۔

اداکارہ میرا نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات توبہت خوش آئند ہے کہ ملک بھرمیں سینما گھربن رہے ہیں اورجدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فلمیں بنائی جارہی ہیں لیکن ان پراجیکٹس میں فلم کا وہ انگ دکھائی نہیں دیتا، جس کودیکھنے کے لیے فلم بین اصل میں سینما کا رخ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی، کرداروں کی تقسیم، میوزک ، لوکیشنز اوربہت کچھ آج کے دورمیں بننے والی فلموں میں دکھائی نہیں دے رہا۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد پاکستانی فلم سے مایوس دکھائی دیتی ہے۔ اس سلسلے میں نوجوان فلم میکرز کوسوچنا چاہیے کہ وہ کثیرسرمائے سے فلمیں بنا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اگررسپانس نہیں مل پا رہا تویقینناً انہیں اس پرغورکرنے کی ضرورت ہے۔

میرا نے کہا کہ اکثرلوگ گزشتہ دہائیوں میں بننے والی فلموں پرتنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ فلم کی کہانی، فنکاروں اوربدمعاش کلچر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بہت سے تویہ الزام لگاتے کہ ایک ہی طرح کے چہرے ہرفلم میں دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دورمیں توسوچی سمجھی سازش کے تحت برسوں فلموں میں کام کرنے والے فنکاروںکو نظرانداز کیا جارہا ہے، اس کے بعد بھی فلم کووہ مقام نہ ملنا نوجوان فلم میکرز کے لیے ایک ایسا سوالیہ نشان بنتا چلا جارہا ہے، جس کے بار ے میں سوچنے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر آج بھی اس کے بارے میں غورنہ کیا گیا تو پھر آنے والے چند برسوں میں مزید بحران پیدا ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں