قطر کا برطانیہ سے 24 لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ

برطانیہ اور قطر نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں لندن اپنے 24 ٹائیفون لڑاکا طیارے دوحہ کو فروخت کرے گا


ویب ڈیسک September 18, 2017
قطر کا برطانیہ سے 24لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ،فوٹو:فائل

عرب ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد قطر نے اپنا دفاع مضبوط بنانے کےلیے برطانیہ سے 24 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ اور قطر نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں لندن اپنے 24 ٹائیفون لڑاکا طیارے دوحہ کو فروخت کرے گا۔ عرب پڑوسی ممالک کے قطر سے تعلقات ختم کرنے کے بعد دوحہ کا کسی دوسرے ملک سے یہ دوسرا بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔ اس سے قبل رواں سال جون میں قطرنے امریکا سے 12 ارب ڈالر کی لاگت سے ایف 15 جنگی جہاز خریدنے کی تصدیق کی تھی جب کہ 2016 میں فرانس سے 24 ڈسالٹ رافیل لڑاکا طیاروں کا معاہدہ کیا تھا جس کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ارب ڈالر تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں:امیر قطر کی سعودی عرب کے ساتھ بحران کے خاتمے کیلیے مذاکرات کی پیش کش

قطر کی جانب سے غیر عرب ممالک سے دفاعی نوعیت کے معاہدے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب رواں سال 5 جون کو سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت دیگر عرب ریاستوں کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات پر قطر کا بائیکاٹ اور تعلقات منقطع کرلیے گئے؛ اور یہ صورتِ حال اب تک جاری ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:سعودی عرب کا قطر کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات سے صاف انکار

رپورٹ کے مطابق جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر قطر کے وزیردفاع خالد بن محمد العطیہ اور ان کے برطانوی ہم منصب مائیکل فیلن نے دستخط کیے۔ قطر میں برطانوی سفیر نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ برطانیہ اور قطر کے مابین جنگی طیاروں کا مذکورہ معاہدہ ان دونوں ممالک میں دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے کےلیے پہلا قدم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔