’’فاسٹ سے سلو کرکٹ‘‘ قومی ٹیم ٹیسٹ کیلیے گیئر تبدیل کرنے کو تیار

ورلڈ الیون سے سیریز نہ کھیل پانے والے محمد عامرانگلینڈ سے وطن واپس پہنچ گئے

گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا اظہر علی کی پہلے میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی، فوٹو:فائل

قومی ٹیم فاسٹ ٹی ٹوئنٹی کے بعد سلو ٹیسٹ کرکٹ کیلیے گیئر تبدیل کرنے کو تیار ہو گئی ہے سری لنکا سے یواے ای میں سیریزکے تربیتی کیمپ کا آج لاہور میں آغاز ہوگا اور قذافی اسٹیڈیم میں صبح 10سے دوپہر ایک بجے تک بھرپور پریکٹس سیشن شیڈول ہے جب کہ گراؤنڈ اسٹاف نے پچز کی تیاری کاکام مکمل کرلیا۔

پاکستان نے آخری ٹیسٹ سیریز رواں سال اپریل، مئی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلی تھی، مصباح الحق کی قیادت میں گرین کیپس نے پہلی بار کیریبیئنز کو انہی کی سرزمین پر ہرانے کا کارنامہ سرانجام دیا، کپتان اور سینئر بیٹسمین یونس پہلے ہی اعلان کرچکے تھے کہ یہ ان کے کیریئر کی آخری سیریز ہوگی، مہمان ٹیم نے تیسرے ٹیسٹ میں سخت مقابلے کے بعد میزبانوں کو زیر کرتے ہوئے نتیجہ 2-1 سے اپنے حق میں کیا، چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد سرفراز کو ٹیسٹ ٹیم کی بھی قیادت سونپ کر مصباح کا خلا پُر کیا گیا لیکن وکٹ کیپر بیٹسمین کو بطور کپتان اپنی اہلیت ثابت کرنے کیساتھ سینئرز کی ریٹائرمنٹ سے کمزور پڑنے والی بیٹنگ میں استحکام لانے کی فکر بھی لاحق ہوگی، سرفراز احمد کی طویل فارمیٹ میں اولین آزمائش پاکستان اور سری لنکاکے درمیان سیریز رواں ماہ دبئی میں شروع ہونے والی سیریز سے ہوگی، دونوں ٹیمیں2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گی، ان میں سے مختصر فارمیٹ کا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا سکتا ہے، طویل فارمیٹ کے پہلے مقابلے کا آغاز 28ستمبر سے ابوظبی میں ہوگا۔

دوسرے اور آخری میچ میں دونوں ٹیمیں6اکتوبر سے دبئی میں برتری کی جنگ لڑیں گی۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تربیتی کیمپ کیلیے فی الحال 18 کھلاڑیوں کا اعلان کیا، ان میں ایک یا2کو ڈراپ کرکے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائیگا، منتخب کرکٹرز میں سرفراز احمد، اظہر علی، شان مسعود، احمد شہزاد، سمیع اسلم، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف، میرحمزہ، محمد عامر، محمد عباس، وہاب اور حسن علی شامل ہیں، گزشتہ شب کپتان سرفراز احمد سمیت کراچی، پشاور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں آمد کا سلسلہ جاری رہا، بیٹی کی پیدائش کے سبب ورلڈ الیون سے سیریز کا کوئی میچ نہ کھیل پانے والے محمد عامر بھی انگلینڈ سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں،پیسر سمیت لاہور سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز منگل کو ٹریننگ کیلیے موجود ہونگے۔


یہ خبربھی پڑھیں:سری لنکا سےٹیسٹ سیریز ،تربیتی کیمپ کیلیےقومی کھلاڑیوں کا اعلان

دوسری جانب گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا اظہر علی کی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے، ٹیم مینجمنٹ نے اس امیدکا اظہار کیاکہ سیریز شروع ہونے سے قبل ان کی فٹنس بحال ہوجائیگی لیکن فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ٹریننگ کیمپ 23 ستمبر تک جاری رہے گا جس کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، ورلڈ الیون کی میزبانی سے فارغ ہونے والے گرائونڈ اسٹاف نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں پچز کی صفائی ستھرائی اور تیاری کاکام مکمل کیا، نیٹ پریکٹس کیلیے میدان کے اطراف میں بنائی گئی پچزاور وسط میں موجود ٹرف بھی استعمال ہوگی، فارمیٹ کی تبدیلی کیساتھ کیمپ میں کھلاڑی گیئر بھی تبدیل کرنے کی کوشش کرینگے،منگل کی صبح 10سے ایک بجے تک پریکٹس سیشن ہوگا، دبئی میں نائٹ ٹیسٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے آئندہ کسی روز رات کو فلڈ لائٹس میں نیٹ لگائے جانے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے جس میں پنک گیند سے پریکٹس ہوگی۔

یاد رہے کہ دونوں ملکوں میں آخری ٹیسٹ سیریز 2015میں ہوئی جس میں پاکستان ٹیم نے2-1سے کامیابی حاصل کی، مہمان گرین کیپس نے گال میں کھیلا جانے والا پہلا میچ 10وکٹ سے جیتا، دوسرے میں سری لنکا نے 7وکٹ سے فتح پائی، پالے کیلی میں تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے 7 وکٹ کی فتح کیساتھ سیریز بھی اپنے نام کی، کرونا رتنے 318کے ساتھ سیریز میں ٹاپ اسکورر رہے، انجیلو میتھیوز269، یونس خان267،کوشل سلوا222،اظہر علی208،سرفراز احمد 204،اسد شفیق175، چندیمل 153، احمد شہزاد 143، شان مسعود138 اور مصباح الحق 114رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بولرز میں یاسر شاہ 24 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر تھے، دھمیکا پرساد14، تھاریندو کوشل 9، ذوالفقار بابر،عمران خان، وہاب ریاض، راحت علی اور نوان پرادیپ 5،5شکار کرنے میں کامیاب رہے۔
Load Next Story