بھارت نے روہنگیا پناہ گزینوں کو پاکستانی ایجنسی اور داعش کا ایجنٹ قرار دے دیا

عسکریت پسند روہنگیا نئی دہلی سمیت مختلف شہروں میں سرگرم ہیں، بھارت سرکار کا عدالت میں بیان

دہلی سمیت مختلف شہروں میں عسکریت پسند روہنگیا مہاجرین سرگرم ہیں، بھارت کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

بھارت نے اپنے ہاں پناہ گزیں روہنگیا مسلمانوں کو بے دخل کرنے کے لیے انہیں پاکستانی ایجنسی اور شدت پسند تنظیم داعش کا ایجنٹ قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی سرکار نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں روہنگیا مسلمانوں کو ملک کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ روہنگیا مسلمانوں کی بھارت سے بے دخلی کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ میں دو روہنگیا تارک وطن کی دائر کردہ درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں نے بھارت سے اپنی دخلی کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی بھارت میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر کڑی تنقید


بھارت کی مرکزی حکومت نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں کہا کہ بعض روہنگیا مسلمانوں کے پاکستانی خفیہ ایجنسی اور شدت پسند تنظیم داعش کے ساتھ تعلقات ہیں جس کی وجہ سے وہ بھارت کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، نئی دہلی سمیت مختلف شہروں میں عسکریت پسند روہنگیا سرگرم ہیں، لہذا عدالت انہیں ملک بدر کرنے سے حکومت کو نہ روکے، کیونکہ ان کے یہاں ٹہرنے سے بھارتی شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ہندو انتہا پسندی کے خلاف برسرپیکار خاتون صحافی قتل

واضح رہے کہ بھارت میں تقریبا 40 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، جب کہ گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے روہنگیا مسلمانوں کی بے دخلی پر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
Load Next Story