نائیجیریا میں خواتین خود کش بمباروں کے حملے میں 15 افراد ہلاک

امدادی سامان کی تقسیم کے دوران دو خواتین بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا


ویب ڈیسک September 18, 2017
امدادی سامان کی تقسیم کے دوران 12 منٹ کے وقفے سے دو خود کش دھماکے ہوئے۔ فوٹو : فائل

نائیجیریا میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران دو خواتین خود کش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائیجیریا کے دارالحکومت میدوگوری سے 40 کلو میٹر دور واقع ماشالاری گاؤں میں مقامی این جی او کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا تھا جب 12 منٹ کے وقفے سے دو خود کش دھماکے ہوئے۔ پہلے دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے البتہ دوسرے دھماکے میں صرف خاتون خود کش بمبار ہلاک ہوئی۔

امدادی کارکنوں نے بتایا کہ دونوں حملہ آور خواتین تھیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کس این جی او کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا تھا۔ ریسکیو آپریشن کے سربراہ بیلو دمباتا نے بتایا کہ حملہ صبح 11 بجے کے قریب ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

اس حملے کی ذمہ داری فی الحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی البتہ ماضی میں اس علاقے میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کا کافی اثر و رسوخ رہا ہے اور وہ اس طرح کی کارروائیاں کرتی رہی ہے۔ 2009 سے شمال مشرقی نائیجیریا شورش کی زد میں ہے اور یہاں بوکو حرام کے جنگجوؤں نے دہشت پھیلا رکھی ہے۔ اس کشیدگی کے نتیجے میں اب تک 20 ہزار افراد ہلاک اور 26 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں