بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں متعدد بم دھماکے20 افراد ہلاک 50 سے زائد زخمی

حیدرآباد دکن میں کئی بم دھماکوں کے بعد دارالحکومت نئی دہلی میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔


AFP/ February 21, 2013
حیدرآباد دکن میں کئی بم دھماکوں کے بعد داالحکومت نئی دہلی میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے دارالحکومت میں متعدد بم دھماکوں کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدر آباد دکن کے علاقے دل سکھ نگر میں تھیٹر اور بس اسٹاپ پر ہونے والے کئی بم دھماکوں کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 20 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر دھماکے میں ہلاک اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اس ظالمانہ کارروائی میں جو بھی عناصر ملوث پائےگئے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی، انہوں نے عوام سے پُر امن رہنے کی بھی اپیل کی۔

بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد دکن میں ہوئے بم دھماکوں کے بعد ان کی آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ سے بات ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ 150 میٹر کے احاطے میں بم دھماکے کئے گئے۔

دوسری جانب حیدرآباد دکن میں کئی بم دھماکوں کے بعد دارالحکومت نئی دہلی میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں