پیپلزپارٹی نے سندھیوں اورمہاجروں میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی رابطہ کمیٹی

ماضی میں بھی ظالم حکمرانوں کےآمرانہ اقدامات کاسامناکیا،آج بھی ہرقسم کے ظلم وجبرکاسامناکرنے کیلئے تیارہیں،رابطہ کمیٹی


ویب ڈیسک February 21, 2013
حکومت کے غیرجمہوری اورغیرآئینی اقدامات کے خاتمے اور عوام کوان کاحق حکمرانی اور بنیادی حقوق دلانے کے لئے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے،رابطہ کمیٹی

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کاایک مشترکہ اجلاس ہوا جس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ اسمبلی میں پیپلزلوکل گورنمنٹ 2012 کا قانون ختم کرکے 1979 کابلدیاتی نظام بحال کرنے کے اقدام کی شدیدمذمت کی گئی۔

رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی اورایم کیوایم نے کئی دنوں کی طویل مشاورت اوربحث ومباحثہ کے بعدسندھ پیپلزلوکل گورنمنٹ 2012 کا قانون منظورکیا تھا جسے خودپیپلز پارٹی کے رہنماؤ ں نے سندھ کے عظیم ترمفادمیں قراردیاتھا اوراب جیسے ہی ایم کیوایم نے اپوزیشن میں بیٹھنے کافیصلہ کیاپیپلزپارٹی نے خوداپناہی بنایاہوالوکل گورنمنٹ 2012 کا قانون ختم کرکے 1979 کابلدیاتی نظام بحال کردیاہے۔


رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم برسوں سے کوشش کرتی رہی کہ سندھ کے تمام مستقل باشندوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کوفروغ دیا جائے لیکن پیپلزپارٹی نے آج سندھ میں لوکل گورنمنٹ کاقانون ختم کرکے ایک مرتبہ پھرسندھیوں اورمہاجروں کے درمیان خلیج پیداکرنے کی کوشش کی ہے ،رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم لوکل گورنمنٹ کے نظام کوختم کرنے کے حکومتی اقدام کے خلاف آئینی ، قانونی اور ہر سطح پرجمہوری جدوجہد کرے گی اورسندھ کے عوام کونچلی سطح پر اختیارات دلانے کے لئے ہرجمہوری طریقہ اختیارکرے گی۔


رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جنرل ضیاء الحق کابنایا ہوا 1979 کابلدیاتی نظام آئین کے خلاف ہے،پیپلزپارٹی کے بعض رہنما خودبھی1979 کے بلدیاتی نظام کوایک ڈکٹیٹر کا بنایا ہواکالا قانون قراردیتے تھے لیکن آج انہوں نے بھٹوکوپھانسی دینے والے اسی جنرل ضیا الحق کا کالا قانون بحال کرکے ملک خصوصاً سندھ کے عوام کوواضح طورپرپیغام دے دیاہے کہ وہ آمریت کے دورکے اقدامات کو جاری رکھنا چاہتی ہے ۔


رابطہ کمیٹی نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ کا نظام جمہوریت کی نرسری ہوتاہے اورلوکل گورنمنٹ کے نظام کا نفاذخود پیپلز پارٹی کے منشور کا بھی حصہ ہے جسے محترمہ بینظیربھٹونے تشکیل دیاتھا لیکن آج پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت جوخودکوجمہوریت کاچیمپئن قراردیتی ہے اس نے نہ صرف جمہوریت کی بنیادی نرسری کوپیروں تلے کچلاہے بلکہ اپنی ہی قائد کے بنائے ہوئے منشورسے بھی انحراف کیاہے ۔


رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم نے ماضی میں بھی ظالم حکمرانوں کے ایسے آمرانہ اقدامات کاسامناکیاہے اورآج بھی ہرقسم کے ظلم وجبرکاسامناکرنے کے لئے تیارہیں، ایسے ظالمانہ اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے اورہم حکومت کے غیرجمہوری اورغیرآئینی اقدامات کے خاتمہ اور عوام کوان کاحق حکمرانی اور بنیادی حقوق دلانے کے لئے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے،رابطہ کمیٹی نے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ ہرگزمایوس نہ ہوں اور اپنی صفوں میں اتحادبرقراررکھیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں