نیب نے حدیبیہ کیس دوبارہ کھولنے کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی

حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیاجائے، نیب کی درخواست


ویب ڈیسک September 20, 2017
پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں مقدمے سے متعلق نئے شواہد سامنے آئے ہیں، نیب۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔

نیب نے سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کو دوبارہ کھولنے کی درخواست میں سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، شمیم اختر اور صاحبہ شہباز کو فریق بنایا ہے۔



نظر ثانی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کا فیصلہ میرٹ کے خلاف اور حقائق کو دیکھے بغیر کیا گیا تھا۔ عدالت کے ایک جج نے دوبارہ تحقیقات کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شریف فیملی کیخلاف 3 ریفرنسز ری اوپن کرنے پر نیب کو نوٹس

نیب نے اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں مقدمے سے متعلق نئے شواہد سامنے آئے ہیں لہذا حدیبیہ کیس میں دوبارہ تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔ ان ہی شواہد کی روشنی میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حدیبیہ پیپر ملز کا کیس کھلا تو قوم پاناما کو بھول جائے گی، شیخ رشید



قومی احتساب بیورو نے اپنی اپیل میں عدالت عظمٰی سے اپیل کی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر نیب کو کیس کی مزید تحقیقات کی اجازت دی جائے اور قانونی معیاد میں اپیل دائر نہ کرنے کی قدغن بھی ختم کی جائے۔



واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی سماعت کے دوران حدیبیہ پیپلز کیس کے معاملے میں چیرمین نیب پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ عدالت عظمٰی نے اپنے فیصلے میں بھی نیب کو عدالتی چارہ جوئی کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں