نارتھ کراچی تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 3افراد کو روند ڈالا

حادثہ بلال کالونی کے قریب پیش آیا، 10سالہ بلال اور23سالہ محمدرمضان موقع پرہلاک،بلال کا والد 48سالہ شبیر زخمی ہوگیا

حادثے کا ذمے دار ٹرک ڈرائیور محمد کامل موقع سے فرار ہو رہا تھا کہ مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد اسے پکڑکر تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کردیا۔ فوٹو: فائل

نارتھ کراچی میں تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار 3 افرادکوکچل دیا جس کے نتیجے میں باپ زخمی جبکہ بیٹے سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد ڈرائیورکوپکڑکر پولیس کے حوالے کر دیا ،دیگر ٹریفک حادثات میں 3افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سیکٹر فائیو آئی عائشہ کمپلیکس کے قریب تیز رفتار ریتی بجری کے ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 10 سالہ بلال ولد شبیر اور 23سالہ محمد رمضان موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ بلال کا والد 48 سالہ شبیر ولد شمس زخمی ہوگیا ، حادثے کا ذمے دار ٹرک ڈرائیور محمد کامل موقع سے فرار ہو رہا تھا کہ مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد اسے پکڑکر تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کردیا ، ہلاک و زخمی کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔




ایس ایچ او بلال کالونی محسن علی نے بتایا کہ پولیس نے ٹرک کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا، زخمی ہونے والا شبیر نور محمد گوٹھ روٹ W-18 آخری اسٹاپ کچی آبادی کا رہائشی ہے جو اپنے بیٹے بلال اور بھانجے محمد رمضان کے ہمراہ کام پر سہراب گوٹھ جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے،زخمی شبیر راج مستری کا کام کرتا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے اس کے ہمراہ مزدوری کرتے تھے،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے،نیلم کالونی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 2 افراد نعیم اور زاہد جبکہ سچل کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 50 سالہ نامعلوم شخص زخمی ہوگیا ۔
Load Next Story