ماڑی پور گینگ وارکے 5ملزمان گرفتار3 ٹارچر سیل برآمد

تعلق کالعدم امن کمیٹی سے ہے، آلات ایذا رسانی برآمد ہوئے، ڈی آئی جی ویسٹ

ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم پیپلز امن کمیٹی سے ہے۔ فوٹو: فائل

ماڑی پور میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کر کے گینگ وار کے 5 ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے اسلحہ ، موٹر سائیکلیں ، منشیات ، ٹارچر سیل اور آلات ایذا رسانی برآمد کرلیے۔

ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے گریکس میں لیاری گینگ وار کے ملزمان کی موجودگی پر پولیس کی بھاری نفری نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران امیر بخش ، آصف ، ارشد اور سمیر سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ 3 ملزمان عابد ، شاکر اور قیصر موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 نائن ایم ایم پستول ، 5 ٹی ٹی پستول ، 15موٹر سائیکلیں ، 8کلو چرس،مختلف مقامات پر 3ٹارچر سیل اور ایذا رسانی کے آلات جس میں زنجیریں، رسیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔


ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ لیاری گینگ وار کے ملزمان گریکس کے علاقے میں موجود ہیں جس پر ایس پی بلدیہ ٹائون حسیب بیگ کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کیا ، ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، اس دوران پولیس اہلکار عاشق حسین زخمی ہوگیا تاہم پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد ملزمان کوگرفتارکرلیا،علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملزمان نے ماڑی پور کے علاقے گریکس میں مٹھائی کی دکان کے مالک سے ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر انھوں نے فائرنگ کرکے جنید نامی شخص کو زخمی کردیا جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔



ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم پیپلز امن کمیٹی سے ہے،علاوہ ازیں ایس ایس پی سی آئی ڈ ی گارڈن انسداد انتہا پسندی سیل چوہدری اسلم کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی نالہ اسٹاپ کے قریب چھاپہ مار کر5ملزمان عادل خان ، ذاکر ، معین ، ساجد اور انور محسود کو گرفتار کر کے 5 دستی بم ، 2 کلاشنکوف ، 3 ٹی ٹی پستول ، 8 کلو چرس اور درجنوں گولیاں برآمد کرلیں ، چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم میں شامل انور خان محسود کا تعلق کالعدم تحریک طالبان ولی الرحمٰن گروپ سے ہے اور وہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے امیر نعمت اﷲ محسود کا قریبی ساتھی ہے جو کہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں طالبان کے لیے چند جمع کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں جرگہ سسٹم کو بھی نافذ کرنا چاہتا ہے، چوہدری اسلم نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے دیگر 4 ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
Load Next Story