گریم اسمتھ ایک اور منفرد اعزاز کے قریب پہنچ گئے

پاکستان کیخلاف تیسرا ٹیسٹ جیت کرفتوحات کی ففٹی بنانے والے پہلے کپتان بن جائینگے۔


Sports Desk February 22, 2013
پاکستان کیخلاف تیسرا ٹیسٹ جیت کرفتوحات کی ففٹی بنانے والے پہلے کپتان بن جائینگے۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ ایک اور منفرد اعزاز کے قریب پہنچ گئے، پاکستان کیخلاف تیسرا ٹیسٹ جیت کر وہ فتوحات کی نصف سنچری مکمل کرنے والے پہلے کپتان بن سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گرین کیپس کیخلاف سیریز اسمتھ کو نت نئے ریکارڈز پر قابض کرا رہی ہے، جوہانسبرگ میں انھوں نے بطور قائد کیریئر کا 100واں ٹیسٹ کھیلا، کیپ ٹائون میں وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے میچز کی سنچری مکمل کرنے والے کپتان بن گئے، واضح رہے کہ انھوں نے ایک میچ میں آسٹریلیا کیخلاف ورلڈالیون کی جانب سے ٹاس کا سکہ اچھالا تھا، اب سنچورین میں وہ پاکستان کیخلاف سیریز میں کلین سوئپ پر نگاہیں مرکوز کیے ہوئے ہیں، ایسی صورت میں ایک اور منفرد ریکارڈ بھی ان کے قبضے میں آ جائے گا۔



وہ اپنے ملک کیلیے 50 فتوحات حاصل کرنے والے اولین قائد کا اعزاز حاصل کرلیں گے، گذشتہ میچ میں4 وکٹ کی کامیابی سے اسمتھ نے آسٹریلوی رکی پونٹنگ (48 فتوحات) کا ریکارڈ توڑا تھا،انھوں نے اب تک 101 میچز میں49 کامیابیاں حاصل کیں،26 میں شکست ہوئی جبکہ اتنے ہی مقابلے ڈرا پر ختم ہوئے۔ اسمتھ کی ہار جیت کا تناسب (1.88) آسٹریلوی رکی پونٹنگ (3.0) یا اسٹیووا (4.55) کی طرح کا متاثر کن نہیں اس کے باوجود وہ تمام کپتانوں میں نمایاں نظر آتے ہیں، پونٹنگ نے کینگروز کو77 ٹیسٹ میں48 فتوحات دلائیں۔

16 میچز میں شکست ہوئی جبکہ 13 ڈرا ہوئے، اسٹیووا نے صرف 57 ٹیسٹ میں 41 فتوحات سمیٹیں، انھیں 9 شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ7 میچز ڈرا ہوئے، ان دونوں کو دنیا کے بہترین بولنگ و بیٹنگ لائن کا ساتھ حاصل رہا، البتہ اسمتھ کے دور میں پروٹیز ٹیم ایک سے زائد بار تشکیل نو کے مراحل سے بھی گذری، میچ فکسنگ اسکینڈل میں پھنسنے والے سابق جنوبی افریقی کپتان ہنسی کرونیے کے دوران میں ٹیم نے 53 میں سے27 میچز میں فتح پائی تھی، بطور قائد زیادہ فتوحات میں وہ ورلڈ نمبر7 ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں