کینگروز گھر کے شیروں کو ڈھیر کرنے کیلئے تیار

ٹرننگ وکٹ پر آسٹریلیا کو صرف ایک اسپنر لیون کی خدمات حاصل، بھارتی اسپنر ہربھجن آج 100 واں ٹیسٹ کھیلیں گے


Sports Desk February 22, 2013
چنئی: پہلے ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک اور بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ میڈیا سے بات چیت کررہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

کینگروزگھر کے شیروں کو ڈھیر کرنے کیلیے مکمل تیار ہو گئے۔

سیریزکا پہلا ٹیسٹ جمعے سے چنئی میں شروع ہو گا، ٹرننگ وکٹ کے باوجود آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک الیون کو میچ میں صرف ایک اسپنر ناتھن لیون کی خدمات حاصل ہوں گی، انگلینڈ کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈز پر شکست کے بعد بھارتی سائیڈ بحالی وقارکیلیے کوشاں ہے، بربھجن سنگھ کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ کھیلیں گے، ٹیم مینجمنٹ کو وریندر سہواگ کا اوپننگ پارٹنر منتخب کرنے کا مشکل فیصلہ کرنا ہوگا، ان فارم رویندرا جڈیجا کو شامل کرنے کیلیے روی چندرن ایشون اور پراگیان اوجھا میں سے کسی ایک کی قربانی دینا پڑ سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپن وکٹوں پر انگلینڈ کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کھانے والی بھارتی ٹیم جمعے کو پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے مقابل ہوگی۔ کینگروز نے اپنے اسکواڈ کا اعلان میچ سے 48 گھنٹے قبل ہی کردیا تھا، کنڈیشنز سلو بولرز کیلیے ساز گار ہونے کے باوجود مائیکل کلارک صرف ایک اسپنر ناتھن لیون کو کافی خیال کرتے ہوئے پیسرز پیٹرسڈل، مچل اسٹارک اور جیمز پیٹنسن کی مدد سے میزبان بیٹنگ کا شیرازہ بکھیرنے کیلیے پُرعزم ہیں، بیٹنگ میں فل ہیوز، میتھیو ویڈ، ایڈکوان اور ڈیوڈ وارنر کو اسپن چیلنج سے نمٹنا ہو گا، گلین میکسویل پر ترجیح پانے والے موئسز ہیزک کو ڈیبیو کا موقع ملے گا۔



آل رائونڈر اپنی میڈیم پیس بولنگ سے صرف بطور بیٹسمین کھیلنے والے شین واٹسن کا خلا پُر کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی ٹیم کو پلیئنگ الیون تشکیل دیتے ہوئے اوپنر وریندر سہواگ کے پارٹنر کا انتخاب کرنا ہے، 2010ء میں بنگلور ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف کیریئر کی واحد سنچری بنانے والے مرلی وجے مضبوط امیدوار ہیں، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین شیکھر دھون بھی زیر غور آئیں گے، چیتشور پجارا، سچن ٹنڈولکر اور ویرت کوہلی مڈل آرڈر کا لازمی حصہ ہوں گے، رویندرا جڈیجا اور اجنکیا راہنے میں سے کسی ایک کو موقع ملے گا۔

بیٹنگ زیادہ مضبوط بنانے کیلیے ایشون اور پراگیان اوجھا میں سے کسی ایک اسپنر کو ڈراپ بھی کیا جا سکتا ہے، ریورس سوئنگ کے ماہر ظہیر خان کی عدم موجودگی میں ایشانت شرما کے کندھوں پر بوجھ بڑھے گا، اشوک ڈینڈا کی سیدھی گیندیں اور بھونیشور کمار کی کم رفتار آسٹریلیا کیلیے آسانیاں پیدا کر سکتی ہے، دونوں میں سے ایک کا انتخاب بہتر فیصلہ ہوگا، رکی پونٹنگ اور مائیکل ہسی جیسے تجربہ کار بیٹسمینوں سے محروم آسٹریلوی ٹیم جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسپن جال کو توڑنے کی کوشش کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں