نواز شریف کی نسلوں میں سے کوئی اقتدار میں آنے والا نہیں رہے گا طاہر القادری

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد ملزمان کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالا جائے، سربراہ عوامی تحریک

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد ملزمان کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالا جائے، سربراہ عوامی تحریک - فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا احتساب اور محاسبہ شروع ہوگیا اور اب ان کی نسلوں میں سے کوئی اقتدار میں آنے والا نہیں رہے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاون جیسے واقعات کی مثال کہیں نہیں ملتی، ہمارے خلاف ملک کی اشرافیہ نے ہم پر بے حد الزامات لگائے لیکن آج کا فیصلہ قتل عام کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، ظلم و بربریت کے نظام کے خاتمے تک غریب لوگوں کو فتح نہیں مل سکتی، عدالتی فیصلہ انصاف کی طرف ایک قدم ہے لیکن ابھی انصاف کے بہت مرحلے باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد ملزمان کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالا جائے۔


طاہر القادری نے جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین کو دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ کمیشن نے جو بھی تجویز دی اس پر عمل درآمد ہوگا مگر یہاں تو رپورٹ ہی منظر عام پرنہیں لائی گئی، انسانیت کا قتل کیا گیا،انکوائری رپورٹ کودبا کر رکھا گیا یہ کہاں کا انصاف ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمیشن کی رپورٹ میں آپکو ذمہ دار نہیں بنایا گیا تو آپ نے کیوں رپورٹ دبا کررکھی، رپورٹ دبانے کا مقصد کیا ہے، کیا آپ قاتلوں کوتحفظ دے رہے ہیں اور اگر رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی تو توہین عدالت کیلیے رجوع کریں گے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون میں 3 سال تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی لیکن ہم ناامید نہیں ہوئے جب کہ شہدا کی تعداد 14 سےکہیں زيادہ تھی مگر کئی شہدا کی لاشیں غائب کردی گئیں تاہم ہم نے کبھی قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا، ہم نے کسی بھی صورتحال میں صبر اور قانون کا دامن نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملکی اداروں کو تباہ کرنے میں لگے ہیں، نوازشریف نے نااہل ہونے کے بعد عدلیہ کے خلاف بہت کچھ کہا جب کہ وزرا وہ بولیاں بول رہے ہیں جو پاکستان کے دشمن بولتے ہیں، آپ کے اندر چھپی پاکستان دشمنی آپ کی زبان پر آگئی۔

طاہر القادری نے کہا کہ شہباز شریف خود کو خادم اعلیٰ کہتے ہیں تو کیوں اپیل پر جارہے ہیں، اپیل میں جانے کا فیصلہ اس بات کا اعلان ہے کہ آپ قاتل ہیں جب کہ اب نواز شریف کا احتساب اور محاسبہ شروع ہوگا، اسحاق ڈار بھاگے ہوئے ہیں،ان کو منایا جارہاہےکہ وہ واپس نہ آئیں، نوازشریف کی نسلوں میں اقتدار میں آنے والا نہیں رہے گا۔
Load Next Story