کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں وزیراعظم نے ڈوزیئراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے حوالے کردیا

کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے، شاہد خاقان کا انٹونیو گوٹریس سے مطالبہ


ویب ڈیسک September 21, 2017
وزیراعظم شاہد خاقان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی۔ فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس سے ملاقات کی اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ڈوزیئر ان کے حوالے کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں 4 بے گناہ شہریوں کی ہلاکت سے بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اس سال بھارتی فوج کی طرف سے ایل او سی کی 600خلاف ورزیاں کی گئیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انٹونیو گوٹریس سے درخواست کی کہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی نمائندے کی تقرری اس لیے بھی ضروری ہے کہ بھارت نے مذاکرات کے تمام دروازے بند کردیے ہیں۔ وزیراعظم اور انٹونیو گوٹریس نے افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے قیام امن کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے آپریشنز دیکھنے ہیں اور میں پاکستان کی کوششوں سے کافی متاثر ہوا۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ افغانستان میں بات چیت کے ذریعے امن و استحکام لانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انٹونیو گوٹریس پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو توسیع دی جائے۔

شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں سیکرٹری جنرل نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے خوشگوار ملاقاتوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے جمہوری استحکام سے بھی بہت متاثر ہوئے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین کلاس شواب سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقعوں کے حوالے سے چیئرمین عالمی اقتصادی فورم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نہ صرف پبلک سیکٹر پر توجہ دے رہی ہے بلکہ نجی شعبے کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہی ہے کیوں کہ پرائیویٹ سیکٹر ملکی ترقی میں انجن کی مانند ہے۔

کلاس شواب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے بڑے مواقع موجود ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کلاس شواب کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہم مغرب کی جانب سے سرمایہ کاری کے اضافی وسائل کے بھی منتظر ہیں۔

ملاقات میں پاکستان چائنا اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی بات ہوئی اور وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ پاک چائنا اقصادی راہداری چین کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری ہے جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں اور وہاں وہ مختلف ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی جنرل اسمبلی سے 22 ستمبر صبح 3 بجے خطاب کریں گے۔ امکان ہے کہ وہ اپنے خطاب میں دہشت گردی، مسئلہ کشمیر اور روہنگیا مسلمانوں کے معاملے کو اٹھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں