امریکا کا شمالی کوریا کے ساتھ لین دین کرنے والے ممالک پر بھی پابندی کا اعلان

چین نے بھی اپنے بینکوں کو شمالی کوریا کے ساتھ لین دین کرنے سے روک دیا ہے، ٹرمپ کا دعویٰ


ویب ڈیسک September 21, 2017
امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان ہرگزرتے دن کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ فوٹو : فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا سے لین دین کرنے والے ممالک پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کی وجہ سے اس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے امریکی محکمہ خزانہ کو ہدایات کی ہیں کہ وہ ان ممالک، کمپنیوں اور مالیاتی اداروں پر بھی پابندیاں عائد کرے جو شمالی کوریا کے ساتھ لین دین کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ اپنی شعلہ بیانی سے ہمیں دبانے کا خواب دیکھ رہے ہیں، شمالی کوریا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی چینی بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ کسی قسم کی لین دین نہ کریں۔ ٹرمپ نے چینی صدر کے اس اقدام کو جرات مندانہ قرار دیا اور کہا کہ وہ اس کی توقع نہیں کر رہے تھے۔

شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کا صدارتی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نئی پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا کی آمدنی کے تمام ذرائع کو ختم کرنا ہے جس کی مدد سے وہ تاریخ کے خطرناک ترین ہتھیار تیار کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پابندیوں میں شمالی کوریا کی ٹیکسٹائل، ماہی گیری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیداواری صنعت کو نشانہ بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل ہی اقوام متحدہ نے شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری دی تھی۔ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ امریکا کا مطالبہ ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام کو بند کرے ورنہ آخری آپشن شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی ہو گا جب کہ شمالی کوریا تمام تر عالمی دباؤ کو مسترد کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی پابندیاں اور ٹرمپ کی دھمکیاں اسے جوہری پروگرام جاری رکھنے سے نہیں روک سکتیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |