ایشین انڈورگیمزریسلرعدنان نے پاکستان کو سلورمیڈل دلا دیا

پاکستان کے 2 گولڈ، 3 سلور اور 15 برانز سمیت مجموعی تمغوں کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی ہے

فوٹو: فائل

لاہور:
پانچویں ایشین انڈور اینڈمارشل آرٹس گیمز میں محمد عدنان نے پاکستان کو ریسلنگ میں سلور میڈل دلا دیا۔

منفی 90 کلوگرام کے فائنل میں انھیں ایرانی ریسلر سے شکست ہوئی۔ بیلٹ ریسلنگ میں شہزاد خان اور اسد بٹ کوارٹر فائنلز میں ہمت ہار گئے، ٹیم اسنوکر ایونٹ کے پہلے رائونڈ میں ہی پاکستان کو میانمار کے ہاتھوں 3-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے 2 گولڈ، 3 سلور اور 15 برانز سمیت مجموعی تمغوں کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی ہے۔


تفصیلات کے مطابق ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں جاری ہیں۔ گزشتہ روز ریسلر محمد عدنان نے منفی 90 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کو سلورمیڈل دلایا، فائنل میں انھیں ایرانی ریسلر ارشک محبی نے مات دی۔ بیلٹ ریسلنگ مینز ایلش فری ایونٹ کی منفی 70 کلوگرام کیٹیگری میں شہزاد خان نے بھارتی پہلوان رومن سنگھ کو چت کیا تاہم کوارٹر فائنل میں انھیں تاجکستانی ریسلر کے ہاتھوں مات ہوئی۔

مینز ایلش فری منفی 80 کلوگرام میں پاکستان کے اسد بٹ نے تاجکستانی ریسلر کو ہرایا، قمر عباس نے بھارتی ایان سنہا کو زیر کیا تاہم کوارٹر فائنل میں انھیں ترکمانستانی پہلوان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم اسنوکر ایونٹ کے پہلے رائونڈ میں ہی پاکستان کو میانمار کے ہاتھوں 1-3 سے ناکامی ہوئی۔ پاکستان کے 2 گولڈ، 3 سلور اور 15 برانز سمیت مجموعی تمغوں کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
Load Next Story