بھارت جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دیں گے  احسن اقبال

بھارت یہ جان لے کہ کسی بھی ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، وفاقی وزیرداخلہ


ویب ڈیسک September 23, 2017
بھارت یہ جان لے کہ کسی بھی ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، وفاقی وزیرداخلہ۔ فوٹو : فائل

KARAK/ پشاور: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ورکنگ باؤنڈری کی رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنا کر رعب جمانا بھارت کی بھول ہے،وہ جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔

نارووال میں مسلم لیگ (ن) کے یوتھ کنونشن سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قوم مسلم لیگ (ن) پر اعتبار کرتی ہے جو کہتی ہے کر کے دکھاتی ہے، قوم کو کنٹینر پر چڑھ کر رونے والوں کی ضرورت نہیں کیوں کہ قوم کو پتا چل چکا ہے آپ صرف کنٹینر پر چڑھ سکتے ہیں ملک کو ترقی نہیں دے سکتے، بے روزگاری کا خاتمہ معیشت کی ترقی سے ہوتا ہے جب کہ اس قوم کو بدحالی دور کرکے ترقی کرنےوالوں کی ضرورت ہے، اگلے دس سے 15 سال میں سی پیک قسمت بدلنے والا منصوبہ بنے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ چندہ اکٹھا کرنے میں عمران خان کا کوئی ثانی نہیں، پاکستان کے تمام خیراتی اداروں کیلیے ایک نئی وزارت قائم کریں اور اس کا وزیر عمران خان کو بنائیں گے جب کہ دوسرا کام جو عمران خان کرسکتے ہیں وہ دوسروں کی ٹانگیں کھینچنا ہے لیکن پاکستان کے عوام سمجھ دار ہیں وہ بہروپیے اور مداری کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد بجلی بحران کے جن کو بوتل میں بند کردیں گے اور ان شااللہ ہم خوابوں کو پورا کریں گے۔

اس سے قبل وزارت داخلہ کی جانب سے ایک بیان جاری ہوا جس کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے ورکنگ باؤنڈری کے چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے ہونے والی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی سی ایم ایچ سیالکوٹ میں عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری پربھارتی فائرنگ سے 6 افراد شہید

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاتا ہے تو بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ کسی بھی ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز فرض سمجھ کر اٹھاتا رہے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر یا ورکنگ باؤنڈری پر نہتے شہریوں پر رعب جمانا بھارت کی بھول ہے بھارت جس زبان میں بات کرے گا ہم اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کا تمام نقصان پورا کرنے کے لئے جائزہ لے رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں