جاسوسی سے محفوظ اسمارٹ فون تیار

روسی کمپنی کیپرسکی نے ٹیاگا فون بنایا ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ محفوظ ترین فون ہے۔


ویب ڈیسک September 25, 2017
ٹائیگا فون کی قیمت 26 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور یہ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ فوٹو: فائل

MUZAFFARABAD: روس کی مشہور اینٹی وائرس کمپنی کیپرسکی نے ایک ایسا اسمارٹ فون تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس پر کوئی ڈیجیٹل نقب نہیں لگائی جا سکتی اور نہ ہی کوئی جاسوسی کی جا سکتی ہے۔

روس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنی کیپرسکی کی صدر نتالیہ کیپرسکی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے کارپوریٹ اور تجارتی افراد کے لیے 'ٹائیگافون' تیار کیا ہے جسے انفوواچ گروپ بنا رہا ہے اور اس کی قیمت 26000 پاکستانی روپے کے لگ بھگ ہو گی۔



ماسکو میں جمعے کے روز ایک تقریب میں ٹائیگا فون کا اعلان کرتے ہوئے نتالیہ کیپرسکی نے کہا کہ یہ 'سرویلیئنس پروف' فون ہے جس میں پرائیویسی کو ایک نئے درجے تک پہنچایا گیا ہے اور کوئی بھی اسمارٹ فون کی سُن گُن نہیں لے سکتا۔ تاہم کمپنی نے اس کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

تاہم کیپرسکی کمپنی پر امریکی حساس ادارے الزام عائد کرتے آئے ہیں کہ یہ چوری چھپے ڈیٹا حاصل کر کے روسی ادارے کو فراہم کرتا رہا ہے اور اس لحاظ سے کیپرسکی کمپنی کو ایک طبقہ متنازع تصور کرتا ہے۔ اس سے قبل روس میں ایسا ہی ایک اسمارٹ فون بنانے کا دعویٰ سامنے آیا تھا جسے 'یوٹافون' کا نام دیا گیا تھا۔ اس کا پہلا ماڈل 2013 میں منظرِ عام پر پیش کیا گیا تھا۔



واضح رہے کہ کیپرسکی کمپنی نے ہمیشہ امریکی الزامات کی تردید کی ہے۔

ٹائیگا فون مکمل طور پر سبز ہے اور اس کا نام روس کے ایک بہت بڑے جنگل پر رکھا گیا ہے جو ملک کے شمال میں موجود ہے۔ ٹائیگا فون میں دو کیمرے، دو سم سلاٹس اور 5 انچ کا ٹچ اسکرین ہے اور قیمت میں یہ آئی فون کے قیمت کے چوتھے یا پانچویں حصے کے برابر ہے۔

کمپنی نے ٹائیگا فون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روس میں اسمارٹ فون سے ڈیٹا چرانے کا رحجان بہت زیادہ ہے اور یوں گارنٹی کے ساتھ یہ آپ کے فون کا محلِ وقوع چھپاتا ہے اور کسی قسم کی معلومات پر نقب زنی کو ناکام بناتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں