ڈرامہ ہویافلم صرف اسکرپٹ اوراپنےکردارپرتوجہ دیتی ہوں صنم سعید

اسٹیج ڈرامہ ’’ہیر رانجھا ‘‘میں پرفارم کرنے کے علاوہ فلم کیک کی عکسبندی کرواچکی ہوں، صنم سعید

یہ ڈرامہ سیریز نئی ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی اور اس سے رونے دھونے والے ڈراموں سے چھٹکارا ملے گا فوٹو: فائل

صنم سعید نے کہا کہ مجھے کئی اسکرپٹ آفر ہوتی ہیں لیکن میں ایسے ہی کوئی اسکرپٹ پر کام کرنے کو آمادہ نہیں ہوجاتی، مجھے ٹی وی چینل کے ایجنڈا اور پالیسی سے کوئی سروکار نہیں۔


صنم نے کہا صرف اسکرپٹ، اپنے کردار اور ٹیم پر توجہ دیتی ہوں، زیادہ کام کرنے کے بجائے معیاری کام کرنے کی قائل ہوں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کیا۔صنم سعید نے حال میں ہی تھیٹر ڈرامہ ''ہیررانجھا'' کے ساتھ واپسی کی، جو کہ فلاحی کام کے لیے منعقدکیا گیا تھا۔ انہوںنے بتایا کہ وہ فلم اور ٹی وی ڈرامہ کے میڈیم میں فرق کرنے میں یقین نہیں کرتی، اور کسی ایک کو دوسرے پر برتری دینے کی قائل نہیں، اسکرپٹ جاندار ہونا چاہیے، چاہے پھر وہ ڈرامہ ہو یا فلم۔ رواں سال میں نے تھیٹر بھی کیا، نئی فلم''کیک'' کی عکسبندی بھی کروائی ہے اور اب نئے ڈرامہ آخری اسٹیشن پر کام شروع کردیا ہے، دراصل یہ ڈرامہ نہیں بلکہ مختصر کہانیوں پر مبنی سیریز ہے جس کو سرمد کھوسٹ ڈائریک کررہے ہیں، جو کہ نہ صرف اس پروجیکٹ کی ہدایات دیں گے بلکہ کشف فاؤنڈیشن کے ساتھ مشترکہ طور پر پروڈیوس بھی کریں گے۔

اس سیریز کی کاسٹ میں مجھ سمیت نمرہ بچا، انعم گوہر اور میکال ذولفقارشامل ہیں، یہ سات اقساط پر مبنی سیریز ہے جس میں خواتین کو درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کی عکاسی کی جائے گی، سات اقساط میں سات خواتین کی کہانیاں پیش کی جائے گی۔ صنم سعید کا کہنا ہے کہ ان سیریز کے ساتھ رونے دھونے والے ڈراموں سے چھٹکارا ملے گا، یہ ڈرامہ انڈسٹری میں نئی ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی، حساس اور سنجیدہ موضوعات کو انتہائی ذمے داری کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فلم کیک کی تمام تر شوٹنگ ہوچکی ہے، فلم کے ڈائریکٹر عاصم عباسی فلم کی پوسٹ ایڈیٹنگ میں مصروف ہیں، فلم کی ریلیز رواں سال کے اختتام یا اگلے سال کے آغاز میں متوقع ہے۔
Load Next Story