ناجائز اثاثہ جات کیس وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش

عدالت نے اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے


ویب ڈیسک September 25, 2017
عدالت نے اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27ستمبر کی تاریخ مقرر کی کردی ہے. فوٹو آئی این پی

ناجائز اثاثہ جات کیس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے، دوران سماعت جج نے سوال کیا کہ ملزم کے وارنٹ ابھی موجود ہیں تاہم مچلکے داخل کیوں نہیں کرائے جس پراسحاق ڈار کے وکیل نے بتایا کہ وہ ضمانتی مچلکے ساتھ لائے ہیں جو ابھی جمع کرادیے جائیں گے۔



نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات ملتے ہی اسحاق ڈار کے لاہور اور اسلام آباد کے گھروں میں چھاپے مارے گئے لیکن ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی تاہم آج ملزم اچانک عدالت میں پیش ہوگئے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔



اسحاق ڈار کے وکیل نے 10لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کراتے ہوئے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے 7 روز کی مہلت طلب کی جس پر عدالت نے ریفرنس کی مکمل نقل اسحاق ڈار کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم پر فردجرم عائد کرنے کے لیے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔



عدالت کا کہنا تھا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کرنا چاہتے ہیں، عدالت نے ملزم کی آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کے لیے 50لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

یہ خبر بھی پڑھیں:ناجائز اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان پر 3 جب کہ اسحاق ڈار پر ایک ریفرنس دائر کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں