کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری مذہبی و سیاسی کارکنوں پولیس اہلکاروں سمیت مزید 10ہلاک

اہلسنّت والجماعت کے2کارکنوں کوسائٹ ایریا،تیسرے کوگلبہارمیں نشانہ بنایاگیا،نارتھ کراچی میں ن لیگ کا عہدیدارماراگیا

2پولیس اہلکارمنگھوپیر ومیٹروول پرجاں بحق،کورنگی میں فلور مل کے مالک پرحملہ،ڈائیورہلاک،نیوکراچی ، گرومندر، پیرآباد میں 3 ہلاکتیں،4زخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ ٹارگٹ کلنگ جاری ہے،مختلف واقعات میں فائرنگ کے واقعات کے دوران اہلسنت والجماعت اورمسلم لیگ ن کے کارکنان اور2پولیس اہلکاروں سمیت مزید 10 افراد ہلاک اور4زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریامیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے45سالہ دلفرازمعاویہ اور35 سالہ ابوبکر ہلاک ہوگئے،مقتول دلفراز بلدیہ ٹائون کا رہائشی اوراہلسنت و الجماعت کابلدیہ ٹائون کا مقامی عہدیدار تھا،واقعے کے بعد سائٹ ایریا،بلدیہ ٹائون اور متصل دیگر علاقوں میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔رضویہ کے علاقے گلبہارنمبر2گاماگلی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 30سالہ نوید الرحمٰن جاں بحق جبکہ 2 افراد 28سالہ شعیب اور 23 سالہ وقاص زخمی ہوگئے،فائرنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی،مقتول نویدالرحمٰن اپنے گھر کے باہردوستوں کے ہمراہ بیٹھا تھاکہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔

اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانااکبر سعیدفاروقی نے ایکسپریس کوبتایاکہ مقتول دلفرازبلدیہ ٹائون کاعلاقائی عہدیدارجبکہ ابوبکرکارکن تھا،اسی طرح رضویہ میں بھی نشانہ بننے والے تینوں افرادان کی جماعت کے کارکن تھے،قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔نارتھ کراچی سیکٹرفائیو سی تھری میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ مقصود ہلاک ہوگیا ،واقعے کے وقت وہ بلال مسجدسے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعدنکلا تھاکہ اسے مسجد سے ذرافاصلے پرموٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیاگیا،مقتو ل علاقے کا ہی رہائشی اوربھینسوں کے باڑے کامالک تھا۔




مسلم لیگ کے ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری اسلم خٹک کے مطابق مقتول ن لیگ کاضلع وسطی کانائب صدر تھا۔منگھوپیر کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار 42 سالہ ندیم بلوچ جاں بحق ہوگیا،مقتول اہلکار فیڈرل بی صنعتی ایریا تھانے میں تعینات تھا اور ڈیوٹی ختم کر کے موٹرسائیکل پر اپنی رہائش گاہ منگھوپیر گرم چشمہ جارہاتھا۔ سائٹ اے کے علاقے میٹروول میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار 45 سالہ اختر علی جاں بحق ہوگیا، مقتول سائٹ بی تھانے میں تعینات تھاجوڈیوٹی ختم کر کے رہائش گاہ مومن آباد جا رہا تھا،مقتول شادی شدہ اور اس کاآبائی تعلق راولپنڈی سے تھا۔کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں نامعلوم افرادکی پجیرو رجسٹریشن نمبر BD-6690 پر فائرنگ سے 35 سالہ عبدالستارہلاک ہوگیا۔

مقامی فلور مل کے مالک عامر تھا را اپنے ڈرائیور کے ہمراہ مرتضیٰ چورنگی سے سنگرچورنگی کی جانب جارہاتھاکہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انھیں روکنے کی کوشش کی تاہم ڈرائیور نے گاڑی کی رفتاربڑھادی جس پرملزمان نے فائرنگ کردی جس سے ڈرائیورعبدالستار ہلاک ہوگیا،مقتول کا آبائی تعلق راجن پور سے تھا۔نیوکراچی سیکٹر5-Gمیں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ محمد کاشف ہلاک ہوگیا، مقتول دوستوں کے ہمراہ بیٹھاتھاکہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار4مسلح افراد آئے اوراس پر فائرنگ کرکے فرارہوگئے، مقتول ڈینٹر تھا اور نیو کراچی کا رہائشی تھا۔گرومندر کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔

پیر آبادکے علاقے اسلامیہ کالونی نمبرایک میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 24 سالہ سید فیاض علی زیدی ہلاک ہوگیا۔ مقتول کے اہلخانہ نے بتایا کہ واردات سے قبل فیاض زیدی کے موبائل پرکوئی کال آئی تھی جسے سن کر وہ گھر سے باہرگیاتھا کہ فائرنگ کر نشانہ بن گیا،مقتول ماربل کا کام کرتا تھا۔ نارتھ ناظم آباد اے بلاک میں سیکیورٹی گارڈکی فائرنگ سے 40 سالہ قبیل شاہ شاہ زخمی ہوگیا،اورنگی ٹائون کے علاقے بلوچ گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20 سالہ صدام زخمی ہوگیا۔
Load Next Story