ٹام کروز قانون کے شکنجے میں

ٹام کروز ایکشن فلموں کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور سین کی عکسبندی کے لیے وہ کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرتے


ویب ڈیسک September 25, 2017
ٹام کروز پر ان کی فلم ’امریکن میڈ‘ کے عملے کے 2 ارکان کی موت کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ فوٹو:فائل

ہالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز پر ان کی فلم 'امریکن میڈ' کے عملے کے 2 ارکان کی موت پر لواحقین نے اداکار کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ٹام کروز ایکشن فلموں کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور سین کی عکسبندی کے لیے وہ کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرتے جب کہ وہ اپنی فلموں کے کئی اسٹنڈ بھی خود ہی انجام دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر شوٹنگ کے دوران ان کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملتی رہتی ہیں اور بعض اوقات یہی خطرناک اسٹنڈ کسی کی موت کا باعث بھی بن جاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹام کروز اپنی نئی فلم 'امریکن میڈ' کی شوٹنگ میں مصروف تھے جہاں ایک سین کی عکسبندی کے لیے انہیں ہوائی جہاز اڑانا تھا جس کے لیے ایلن پوروین اور کارلوس برل پائلٹ کے طور پر جہاز میں موجود تھے جو حقیقی زندگی میں بھی پائلٹ ہیں مگر خراب موسم کے باعث جہاز کے دونوں انجن میں خرابی کے باعث جہاز پہاڑوں سے ٹکراکر تباہ ہوگیا جس کے باعث فلم کے دونوں پائلٹس کی موت واقع ہوگئی جب کہ جہاز میں ایک اور شخص بھی موجود تھا جو خوش قسمتی سے بچ تو گیا مگر زندگی بھر کے لیے معذور ہوگیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ ایکشن ہیرو ٹام کروز فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی

رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاندان نے ٹام کروز اور فلم کے ہدایت کار ڈووگ لی مین کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلم کے اندر اتنا خطرناک سین عکسبند کروانے کی کوشش کی اور اس کے لیے خاطرخوا انتظامات نہیں کیے گئے جب کہ متاثرہ خاندان نے فلم کے پروڈیوسر کے خلاف مقدمہ بھی درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے ٹام کروز کی فلم 'امریکن میڈ' کو رواں برس ریلیز ہونا تھا مگر اس حادثے اور متاثرین کی جانب سے مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد فلم کی ریلیز میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔