حکومت ڈرون حملوں پر امریکا سے معاہدے کی تفصیلات پیش کرے لاہور ہائیکورٹ

کیا پاکستان میں ڈرون حملے حکومت کی اجازت سے ہو رہے ہیں؟، حکومت سے جواب لیکر بتائیں، اٹارنی جنرل کو چیف جسٹس کی ہدایت۔


Numainda Express February 23, 2013
اگر کسی اسکول میں100 بچوں کے درمیان ایک مطلوب شخص بیٹھا ہو تو کیا اسکول پر ڈرون حملہ کر دینا چاہئے؟ جسٹس عطا بندیال،سماعت ملتوی۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس عمر عطاء بندیال نے پاکستان پر امریکی ڈورن حملے روکنے کیلیے دائر درخواست پر قرار دیا ہے کہ ڈورن حملوں میں عام لوگوں کی ہلاکتیں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔

چنانچہ حکومت کو یہ معاملہ بین الااقوامی سطح پر اٹھانا چاہئے جبکہ درخواست پر مزید سماعت7مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے وفاق کے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ تاریخ سماعت پر رپورٹ عدالت میں پیش کریں کہ آیا ڈورن حملوں کے حوالے سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان کوئی معاہدہ موجود ہے یا نہیں؟ اور کیا ڈورن حملے حکومت کی اجازت سے ہو رہے ہیں؟ ان حملوں میں معصوم بچے ، خواتین اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکتیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں؟ حکومت اس سلسلہ میں کیا اقدامات کر رہی ہے؟ اگر کسی اسکول میں 100 بچے موجود ہوں اور ایک مطلوب شخص بھی بیٹھا ہو تو کیا سکول پر ڈرون حملہ کر دینا چاہیے؟۔

اس پر ہماری حکومت کیوں کچھ نہیں کر رہی؟۔ امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید کی طرف سے ڈرون حملوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے اپنے دلائل میں کہاکہ اس ملک کے ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمے داریوں میں شامل ہے، اگر حکومت مجرمانہ طور پر کسی دوسرے ملک سے ساز باز کرکے اپنے ہی شہریوں کا قتل عام کرا رہی ہو توعدالت کا فرض ہے کہ وہ حکومت سے پوچھے کہ وہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں ادا کیوں نہیں کر رہی؟ اور حکومت بھی یہ نہیں کہہ سکتی کہ یہ ہمارا پالیسی معاملہ ہے۔

16

ڈرون حملوں اور امن و امان کی انتہائی خراب صورتحال کی وجہ سے بزنس مین ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، اگر ہمارے حکمران بیرون ممالک سے ملنے والی ہدایات کی وجہ سے ڈرون حملوں پر خاموش رہیں اور خود انھیں اس بات کی اجازت دیں کہ وہ یہاں آئیں اور ڈرون حملے کر کے پاکستانیوں کو نشانہ بنائیں توایسی صورت میں ہماری خود مختاری کہاں گئی؟ ۔

فاضل چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، آپ وفاقی حکومت سے ہدایات لیکر عدالت میں تحریری جواب جمع کرائیں کہ کیا پاکستان میں ڈرون حملے حکومت کی اجازت سے ہو رہے ہیں؟ اور اس حوالہ سے اگر امریکہ اور پاکستانی حکومت کے درمیان کوئی معاہدہ ہے تو اس کی تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے افغانستا ن کی بگرام جیل میں قید 37پاکستانی قیدیوںکی رہائی کے لیے دائر درخواست میں وزارت خارجہ کی جانب سے داخل کردہ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وزارت خارجہ اس ضمن میں جامع رپورٹ پیش کرے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں