پاکستان نے جنرل اسمبلی میں بھارتی موقف پھر مسترد کر دیا        

بھارت کی مقبوضہ کشمیرمیں ظالمانہ کارروائیوں سےعالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے، پاکستانی مندوب


ویب ڈیسک September 26, 2017
بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام اور نوجوانوں کو بصارت سے محروم کر رہی ہے، پاکستانی مندوب- فوٹو: فائل

پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک بار پھر بھارتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر حقیقی مسئلے سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کی لیکن وہ زیادہ دیر حق اور سچ کو نہیں چھپا سکتا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی نمائندے نے بھارت کو جواب دینے کا اپنا تیسرا حق استعمال کرتے ہوئے بھارتی موقف کو مسترد کر دیا جب کہ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے اور کشمیریوں کا قتل، زیادتیاں، اور انہیں بینائی سے محروم کر رہا ہے۔ پاکستانی مندوب کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیریوں کے قتل اور ٹارچر میں ملوث بھارت ایک تصویر کے پیچھے چھپنا چاہتا ہے اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر جھوٹ بولا۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیرمیں ظالمانہ کارروائیوں اور حقیقی مسئلے سےعالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کی لیکن وہ زیادہ دیر حق اور سچ کو نہیں چھپا سکتا، بھارت کب تک جھوٹ دہراتا رہے گا، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام اور نوجوانوں کو بصارت سے محروم کر رہی ہے مگر بھارت کشمیریوں کو پوری طاقت کا استعمال کر کے بھی شکست نہیں دے سکا۔ پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں استصواب کا اپنا وعدہ پورا کرے اور اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔