اب کوئی طاقت کے زور پر الیکشن نہیں جیت سکتا وزیر اعظم

پیپلزپارٹی نے جو انقلابی کام 5 سال میں کیے وہ 65 سالوں میں کوئی نہیں کر سکا، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف.


ویب ڈیسک February 23, 2013
ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرنے والوں کو زندگی کی حقیقت کا معلوم نہیں، وزیراعظم. فوٹو: فائل

وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ جعلی ووٹرز کا خاتمہ کردیا گیا ہے اب کوئی طاقت کے زور پر الیکشن نہیں جیت سکتا۔


سانگھڑ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ملک اور قوم کے لئےمفاہمت کی پالیسی اختیار کی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار موجودہ اسمبلیوں نے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے جو کہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے اور صدر آصف زرداری کی قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات شفاف اور غیر جاندارانہ ہوں گے جعلی ووٹوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور ملک کا الیکشن کمیشن بھی آزاد ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی طاقت کے زور پر الیکشن نہیں جیت سکتا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے سانگھڑ میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کے لئے 20 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے نقصان کا ہر صورت ازالہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے حیدرآباد میں اپنی مادرعلمی گورنمنٹ کالج کالی موری میں کالج کے سابق اور موجودہ طلبہ سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جو انقلابی کام 5 سال میں کیے وہ 65 سالوں میں کوئی نہیں کر سکا،پیپلز پارٹی نے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا، ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرنے والوں کو زندگی کی حقیقت کا معلوم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی عدالت میں جائیں گے اور پھر وہی حکومت کرے گا جس کا انتخاب عوام کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں