دبئی میں اڑن ٹیکسی کا پہلا کامیاب تجربہ

دو سیٹوں والی ’’وولوکوپٹر‘‘ ڈرون ٹیکسی سال 2020 تک دبئی کے لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچائے گی


ویب ڈیسک September 28, 2017
اڑن ٹیکسی پر 18 روٹر (پنکھڑیاں) لگی ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

LONDON: دبئی نے روبوٹ پولیس اہلکاروں کے بعد اب ازخود پرواز کرنے والی ڈرون ٹیکسی کا کامیاب تجربہ کیا ہے جسے دنیا کی پہلی ڈرون ٹیکسی بھی کہا جارہا ہے۔

دو سیٹوں اور 18 پنکھڑیوں والی اس ڈرون ٹیکسی کو جرمن کمپنی وولوکوپٹر نے تیار کیا ہے اور پہلی پرواز کے دوران اس میں کوئی سوار موجود نہ تھا۔ ڈرون ٹیکسی کو پرواز کے دوران ہر لحاظ سے محفوظ بنایا گیا ہے۔ یہ فی الحال 30 منٹ تک پرواز کرسکتی ہے۔ خرابی کی صورت میں اس میں بیک اپ بیٹری، روٹر اور بہت ہی زیادہ خطرے کے صورت میں دو پیراشوٹ بھی موجود ہیں۔



وولوکوپٹر کمپنی کو اس وقت امریکا اور برطانیہ کی درجن بھر کمپنیوں سے شدید مسابقت کا سامنا ہے جو محفوظ اڑن ٹیکسیوں پر کام کررہی ہیں۔ اس ڈرون ٹیکسی کےلیے کسی رن وے کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی اڑتی ہیں اور عمودی طور پر ہی لینڈ کرتی ہے۔



وولوکوپٹر کمپنی کے شریک سربراہ الیگزینڈر زوسل نے بتایا کہ وہ عوام کے مفاد کےلیے اڑن ڈرون پر کام کررہے ہیں اور وہ اپنا وژن پیش کرنے کے بجائے حقیقی حل پیش کرتے ہیں۔



دبئی میں اس ڈرون ہیلی کاپٹر کی آزمائش کے موقع پر شیخ ہمدان بن محمد بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں