کافی کا استعمال ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے مریضوں کےلیے مفید ہے ماہرین

روزانہ تین کپ کافی پینے سے ہیپاٹائٹس سی اور ایچ آئی وی سے اموات میں کمی واقع ہوتی ہے،طبی ماہرین


ویب ڈیسک September 27, 2017
روزانہ تین کپ کافی پینے سے ہیپاٹائٹس سی اور ایچ آئی وی سے اموات میں کمی واقع ہوتی ہے،طبی ماہرین۔ فوٹو: فائل

ماہرین کے مطابق کافی کے بہت سے فوائد کی فہرست میں ایک نیا اضافہ ہوا ہے جس کے تحت اب کافی پینے سے ہیپاٹائٹس سی اور ایچ آئی وی (ایڈز) کے مریضوں کو بہت فائدہ ہوتا ہے اور وہ قبل از وقت موت سے بھی دور رہ سکتے ہیں۔

اس سے قبل درجنوں اہم مطالعات اور تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ کافی کئی امراض سے بچاتی ہے لیکن اب نئی تحقیق کی رو سے روزانہ کافی کے تین کپ پینے سے ہیپاٹائٹس سی اور ایچ آئی وی کے مریضوں کو زندگی بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ تحقیق فرانس میں کی گئی ہے۔

پیرس کی دیکارتے یونیورسٹی اور ایک مقامی اسپتال کے ماہرین نے ڈاکٹر ڈومینیک سامن شیرون کی نگرانی میں یہ سروے کیا جس کی تفصیلات جرنل آف ہیپاٹولوجی میں شائع ہوئی ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن افراد میں ایچ آئی وی (ایڈز) کا مرض ہو ان میں ہیپاٹائٹس سی (ایچ سی وی) سے متاثر ہونے کا خطرہ ازخود بڑھ جاتا ہے جو جگر کو شدید متاثر کرتا ہے۔ تاہم ایچ سی وی کےلیے مؤثر علاج موجود ہے۔

ڈاکٹر سامن کے مطابق ایچ سی وی سے تندرست ہونے کے باوجود بھی ایچ آئی وی سے متاثر ہونے اور موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح سرطان، دل کے امراض اور دیگر بیماریاں بھی آگھیرتی ہیں۔ لیکن یہاں کافی پینے سے بہت سے طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

سروے میں 1028 ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جو ان دونوں امراض یعنی ایچ آئی وی اور ایچ سی وی کے شکار تھے۔ ان مریضوں کا پانچ سال تک جائزہ لیا گیا اور درمیان میں سوالنامے بھروائے جاتے رہے۔ پانچ برس میں 77 افراد اس دنیا سے رخصت ہوگئے جو کینسر، ایڈز یا کسی اور وجہ سے مرے تھے کیونکہ ایچ سی وی جگر کے کینسر کی وجہ بھی بنتا ہے۔ ان میں سے تقریباً 26 فیصد افراد نے روزانہ کم ازکم تین کپ کافی پینے کا اعتراف کیا تو معلوم ہوا کہ اس سے موت کا خطرہ 50 فیصد تک کم ہوگیا۔ البتہ اس کی وجہ اب تک نامعلوم ہے۔

کافی میں موجود مرکبات میں پولی فینولز بھی شامل ہیں جو جلد اور سوزش کم کرتے ہیں اور جگر کی حفاظت کرتےہیں۔ تحقیق کے بعد ماہرین نے کہا ہے کہ روزانہ تین کپ کافی پینے سے ایچ آئی وی اور ایچ سی وی انفیکشن میں کمی ہوتی ہے اور اس کا اثر طویل عمر کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں