آپ ٹوئٹر پر لمبی ٹویٹس بھی کرسکیں گے

ایک ٹویٹ میں زیادہ حروف کی گنجائش سے صارفین کو اپنی بات بہتر طور پر کہنے کا موقع میسر آئے گا

ٹوئٹر نے حروف کی تعداد280تک کرنے کا اعلان کردیا،فوٹو:فائل

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین کی سہولت مدنظر رکھتے ہوئے ٹویٹ میں حروف کی زیادہ سے زیادہ تعداد دگنی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر مختصر پیغامات کےلیے مخصوص ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین کی دیرینہ مشکل دور کرنے کی تیار کرلی ہے جس میں اظہارِ خیال کےلیے حروف کی سابقہ گنجائش 140 حروف سے بڑھا کر 280 یعنی دگنی کی جارہی ہے۔

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو جیک ڈوسرے کا کہنا ہے کہ میسجنگ پلیٹ فارم میں ایک بڑی تبدیلی کی جارہی ہے تاکہ حروف کی مقررہ حد کو دگنا کرتے ہوئے صارفین کو پیغام رسانی اور اظہارِ خیال کےلیے پوری بات کرنے کا موقع مل سکے۔


یہ خبر بھی پڑھیں: ٹوئٹر نے 3 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس بلاک کر دیے

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر صارفین کی محدود تعداد نئی سہولت سے فائدہ اٹھاسکے گی تاہم تجرباتی بنیادوں کے بعد اسے عام کردیا جائے گا۔ جیک ڈوسرے ٹویٹ کےلیے حروف کی نئی زیادہ سے زیادہ تعداد (280 حروف) کو استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اپنی سروسز کو مزید بہتر بنانے کےلیے کوشاں ہے جس کی ایک جھلک یہ چھوٹی سی تبدیلی ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کو سماجی رابطوں کی دیگر ویب سائٹس کے مقابلے میں سنجیدہ افراد اور ادارے زیادہ استعمال کرتے ہیں تاہم ایک ٹویٹ میں صرف 140 حروف کی حد صارفین کےلیے خاصی مشکل ثابت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر سنجیدہ فورم ہونے کے باوجود فیس بک اور انسٹاگرام سے زیادہ مقبولیت حاصل نہیں کرسکا۔
Load Next Story