قیوم آباد چورنگی کے اطراف ٹریفک جامگاڑیوں کی قطاریںایمبولینسیں بھی پھنسی رہی

ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث ایکسپریس وے اورکورنگی روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں،ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں.


Staff Reporter February 24, 2013
کورنگی روڈ پر ٹریفک جام کے باعث ہفتہ کی شام گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: ایکسپریس

ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث مین کورنگی روڈ اور قیوم آباد چورنگی کے اطراف بدترین ٹریفک جام نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

ایکسپریس وے اور قیوم آباد چورنگی پر بدترین ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں جس کے نتیجے میں مریضوں کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ، تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث مین کورنگی روڈ اور قیوم آباد چورنگی سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ،شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہوگئے جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے تاحال ایسے اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔

جس کے باعث قیوم آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے ، ہفتے کو بھی مین کورنگی روڈ ، قیوم آباد چورنگی ، ایکسپریس وے اور ڈیفنس ویو جانے والے راستے پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ اس دوران ایمبولینس کے سائرن ٹریفک جام میں راستہ مانگنے کے لیے چلاتے رہے تاہم انھیں بھی راستہ نہیں مل سکا ، بدترین ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ جہاں ٹریفک پولیس کی نااہلی ہے وہیں پر قیوم آباد کے اطراف میں بے ہنگم کار پارکنگ نے بھی ٹریفک جام کی صورتحال کو مزید ابتر بنا دیا ہے۔



، ٹریفک پولیس صرف مال بردار گاڑیوں کو روک کر ان سے مبینہ طور پر رقم بٹورنے میں مصروف دکھائی دیتی ہے جبکہ قیوم آباد چورنگی سے ملحقہ گاڑیوں کی بے ہنگم کار پارکنگ انھیں نظر نہیں آرہی اور جس کا جہاں دل چاہ رہا ہے وہیں پر گاڑی کھڑی کر کے جا رہا ہے اور انھیں منع کرنے والا کوئی نہیں ہے،ڈیفنس ویو سے قیوم آباد چورنگی کی جانب آنے والی سڑک پر بھی حد نگاہ تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں اور اس میں سوار افراد بے بسی کی تصویر بنے راستہ ملنے کے انتظار میں بیٹھے رہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بدترین ٹریفک جام میں جہاں ان کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے وہیں پر ایندھن بھی بلاوجہ خرچ ہوتا ہے اور انھیں پولیس کی ناقص کارکردگی کا خمیازہ وقت اور ایندھن کے زیاں کی صورت میں برداشت کرنا پڑتا ہے ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ قیوم آباد چورنگی سمیت ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ قیوم آباد سمیت ملحقہ علاقے میں بدترین ٹریفک جام سے شہریوںکو چھٹکارا مل سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |