سانحہ بلدیہ جاں بحق 17 افرادکی لاشیں آج سپرد خاک کی جائینگی

عدالتی حکم پر قبروں پر پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے نمبر لگاکر تدفین کی جائے گی۔


Staff Reporter February 24, 2013
11 ستمبر 2012 کو بلدیہ ٹاؤن میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے 259 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونیوالے 17 افراد کی لاشوں کو آج اتوارکو سپرد خاک کردیا جائے گا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے تدفین کا حکم دیا تھا جس کی تعمیل میں قبروں پر پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے نمبر لگا کر انھیں سپرد خاک کیا جائے گا ، تفصیلات کے مطابق 11 ستمبر 2012 کو بلدیہ ٹاؤن میں واقع گارمنٹس فیکٹری علی انٹر پرائزز میں تاریخ کی بدترین اور ہولناک آگ لگی جس میں 259 افراد موت کی وادی میں پہنچ گئے۔

واقعے میں ہلاک ہونے والے متعدد افراد کی شناخت نہیں ہوسکی تھی جن کی ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت ممکن ہوئی لیکن 17 لاشیں ایسی ہیں جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ، اس سلسلے میں مقدمے کے تفتیشی افسر انسپکٹر جہانزیب نے ایکسپریس کو بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ میتوں کی تدفین کی جائے ۔



انھوں نے بتایا کہ واقعے کو پانچ ماہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے لاشوں کی حالت خراب ہورہی ہے ، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قبروں پر پوسٹ مارٹم نمبر اور ڈی این اے نمبر مارک کیے جائیں گے تاکہ بعد جب ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے اگر کسی ورثا مل جائیں تو انھیں باآسانی بتایا جاسکے کہ ان کے پیارے کی قبر کون سی ہے ، ایدھی ترجمان کے مطابق آج کے ایم سی گرائونڈ بلدیہ ٹائون میں صبح ساڑھے گیارہ بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |