مبینہ ٹاؤن میں ہلاک کی جانیوالی 6 سالہ وانیہ سپرد خاک

قاتلوں کو گرفتار کرکے ایسی عبرتناک سزا دی جائے کہ آئندہ کسی کی بیٹی کو قتل نہ کیا جاسکے، وانیہ کے والد کا مطالبہ۔


Staff Reporter February 24, 2013
6 سالہ وانیہ کی لاش جمعہ کو محکمہ موسمیات کے قریب خالی پلاٹ سے ملی تھی۔ فوٹو : فائل

مبینہ ٹاؤن محکمہ موسمیات کے قریب ہلاک کی جانے والی 6سالہ وانیہ کوگذشتہ روز آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مقتولہ کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ وانیہ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کی بچی کا قتل نہ ہوسکے،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے،تفصیلات کے مطابق جمعہ کو محکمہ موسمیات کے قریب خالی پلاٹ سے 6سالہ وانیہ بنت عابد حسین کی لاش ملی تھی جسے ملزمان نے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا اور شناخت چھپانے کی غرض سے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا۔



مقتولہ کو اس کے والدین نے کپڑوں اور ہاتھ پر موجود پیدائشی نشان کے ذریعے پہچانا تھا ، مقتولہ کو گذشتہ روز مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، خواتین کو غشی کے دورے پڑگئے ، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی،

مقتولہ کے والد عابد حسین نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرادیا گیا ہے ۔ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی تنازع ہے لیکن نہ جانے کیوں ظالموں نے ان سے ان کی لاڈلی بیٹی چھین لی، انھوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرکے ایسی عبرتناک سزا دی جائے کہ آئندہ کسی کی بیٹی کو قتل نہ کیا جاسکے ، مبینہ ٹائون تھانے کے ایس ایچ او اختر نواز نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں