سینٹرل جیل میں داعش کیلیے قیدیوں کو بھرتی کرنے کا انکشاف

قیدیوں کو پولیس کی وردیوں میں باہر نکال کرجرائم بھی کروائے جاتے ہیں، سی ٹی ڈی ذرائع

جیل انتظامیہ اورسی ٹی ڈی کے اعلیٰ افسران کے درمیان جاری سرد جنگ اب شدت اختیار کرگئی ہے۔ فوٹو: فائل

AHMEDABAD:
کراچی سینٹرل جیل میں داعش کے لیے بھرتیوں، رشوت کے عوض قیدیوں کو تمام سولتیں دینے، پولیس وردیوں میں قیدیوں کو باہر نکال کراغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرانے اور جیل میں منشیات کا کاروبار کرانے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے 2 خطرناک قیدیوں کے فرارکے بعد پولیس، رینجز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن ، سی ٹی ڈی کی جانب سے تفتیش اورتحقیقات کی روشنی میں جیل انتظامیہ کوہٹانے کی سفارشات کے باوجود آئی جی جیل کی کمان میں جیل انتطامیہ بدستور ڈیوٹی انجام دے رہی ہے، اس دوران ایک بار پھر کراچی سینٹرل جیل میں داعش کے لیے بھرتیوں، رشوت کے عوض قیدیوں کو تمام سولتیں دینے ، پولیس وردیوں میں قیدیوں کو باہر نکال کراغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرانے اور جیل میں منشیات کا کاروبار کرانے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

 

صوبائی وزیر جیل خانہ جات ضیا لنجار نے بھی نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے اسپیشل ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی میں ٰایڈیشنل ہوم سیکریٹری اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات بھی شامل ہے جو 7روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ارسال کرینگے۔


سینٹرل جیل سے خطرناک قیدیوں کے فرارہونے اور اس کے بعدکی جانے والی تحقیقات کے دوران جیل کے قیدیوں نے انکشاف کیا تھا کہ جیل میں کالعدم داعش کے لیے بھرتیاں بھی ہوئی تھیں،جس کاعلم جیل انتظامیہ کوبھی تھاتاہم انتظامیہ نے بھاری نذرانے کے عیوض خاموشی اختیارکررکھی تھی۔

سی ٹی ڈی کے ایک افسر نے بتایاکہ تفتیش کے دوران قیدیوںنے انکشاف کیا تھا کہ جیل میں کالعدم داعش کے لیے 30 قیدیوں کو بھرتی کیاگیا تھا جو ضمانتوں پر رہا ہونے کے بعد پراسرار طور لاپتہ ہوگئے ہیں، دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے بتایاکہ قتل کیس کے ملزم تاجوجس کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے وہ ویڈیو کم از کم ڈھائی سال پرانی ہے، جیل انتظامیہ کو نیچا دکھانے کے لیے اس قسم کی پرانی وڈیوز کو منظر عام پر لایا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے ایک تفتیشی یونٹ کے کچھ افسران ملوث ہیں، ان کا کہنا تھاکہ جیل انتظامیہ اورمجھے بدنام کرنے کی سازش کی جارہی جو جلد بے نقاب ہوجائے گی۔

سی ٹی ڈی ذرائع کاکہناہے کہ جیل انتظامیہ اورسی ٹی ڈی کے اعلیٰ افسران کے درمیان جاری سرد جنگ اب شدت اختیار کرگئی ہے۔

Load Next Story